’میں تھک گیا ہوں‘ موت سے قبل ملائکہ اروڑا کے والد نے کس کو پیغام دیا؟

جمعرات 12 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد انیل مہتا نے اپنی رہائشی عمارت کے چھٹے فلور سے چھلانگ لگا کر خودکشی کرلی۔

اس خبر کے بعد سوشل میڈیا پر اس مشکل وقت میں ملائکہ اور ان کے اہل خانہ کے لیے تعزیت کے پیغامات کا سیلاب آگیا۔ غم کی گھڑی میں سب سے پہلے ملائکہ کے سابق شوہر ارباز خان ان کے پاس پہنچے لیکن اس وقت خود ملائکہ بھی وہاں نہیں تھیں۔ اندر پولیس اور کرائم برانچ تفتیش کر رہی تھی، لہٰذا وہ رہائش گاہ کے باہر کھڑے پریشان نظر آئے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Instant Bollywood (@instantbollywood)

واقعے کے بعدارباز خان، سلیم خان، سلمیٰ خان، ہیلن، ارہان، امریتا اروڑا، کرینہ کپور، سیف علی خان، نیہا دھوپیا، کاجول، رتیش دیش مکھ ، ارپیتا خان، انگد بیدی اور سوفی چوہدری سمیت انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے بہت سے لوگ باندرہ ہاؤس پہنچتے ہوئے دیکھے گئے۔

بھارتی میڈیا ذرائع کے مطابق موت سے ایک دن قبل ملائکہ اور امریتا اروڑا کو اپنے والدین کی رہائش گاہ سے باہر نکلتے دیکھا گیا۔ اگلے دن اپنی موت سے قبل انیل اروڑا نے اپنی دونوں بیٹیوں سے رابطہ کیا تھا اور ان الفاظ کے ساتھ اپنی تھکاوٹ کا اظہار کیا تھا کہ ’میں تھک گیا ہوں‘۔

یہ بھی پڑھیں: بالی ووڈ اداکارہ ملائکہ اروڑا کے والد کی خودکشی یا حادثہ؟

 والد انیل مہتا کی خودکشی  کے بعد ملائکہ اروڑا  کی پہلی انسٹاگرام پوسٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس میں انہوں نے لکھا کہ اپنے پیارے والد کی موت کا اعلان کرتے ہوئے بہت دکھ ہو رہا ہے، وہ ایک نرم مزاج شخص، عقیدت مند دادا، ایک پیار کرنے والے شوہر اور ہمارے بہترین دوست تھے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ ان کا خاندان گہرے صدمے میں ہے۔ وہ مشکل کے اس وقت میں میڈیا سے رازداری کی درخواست کرتے ہیں، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ مشکل وقت میں آپ کی حمایت اور احترام قابل تعریف ہے۔

 

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Malaika Arora (@malaikaaroraofficial)

ملائکہ اپنے سوتیلے والد کے کافی قریب تھیں۔ کرسمس اور نئے سال جیسے مختلف موقعوں پر خاندان کو ایک ساتھ کھانا کھاتے ہوئے دیکھا جاتا تھا۔ گزشتہ سال ملائکہ اور ان کی والدہ جوائس نے ممبئی کے ایک ہسپتال کے باہر تصویر کھنچوائی تھی۔ ملائکہ مبینہ طور پر اپنے سوتیلے والد سے ملنے گئی تھیں لیکن ان کے اسپتال میں داخل ہونے کی وجہ نہیں بتائی گئی۔

ملائکہ اروڑا کے سوتیلے والد انیل مہتا کی آخری رسومات 12 ستمبر کو صبح 11 بجے سانتا کروز کے ہندو قبرستان میں ادا کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ملائکہ اروڑا اور ارجن کپور کا بریک اپ ہوگیا؟

واضح رہے کہ ملائکہ اروڑا کی عمر جب 11 سال تھی تو ان کے والدین کے درمیان علیحدگی ہوگئی تھی۔ والدین کی علیحدگی کے بعد ملائکہ اور اُن کی چھوٹی بہن امریتا راؤ اپنی والدہ کے ساتھ رہیں۔  فلم فیئر کو دیے گئے ایک ماضی کے انٹرویو میں ملائکہ اروڑا نے والدین کے ساتھ اپنے تعلقات کے بارے میں کھل کر بات کی تھی۔

ملائکہ کا کہنا تھا کہ ان کی پرورش کی ذمہ داری والدہ کی تھی اور بچپن بہت اچھا گزرا لیکن یہ آسان نہیں تھا اور مشکل وقت آپ کو اہم سبق بھی سکھاتا ہے۔ ملائکہ کا کہنا تھا کہ وہ آزاد ہیں اور اپنی آزادی کی قدر کرتی ہیں اور اپنی شرائط پر زندگی بسر کرتی ہیں۔

ملائکہ اروڑا کے والد کا تعلق پنجاب سے تھا ۔ وہ بھارتی مرچنٹ نیوی میں کام کرچکے تھے جبکہ ان کی والدہ عیسائی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp