’مارشل آرٹ جانتا ہوں، کوثر کاظمی ایک مُکّے سے گر جاتے‘ پی ٹی آئی وکیل اظہر صدیق کی ویڈیو وائرل

جمعرات 12 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

چند روز قبل نجی ٹی وی کے پروگرام میں ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کوثر کاظمی اور پی ٹی آئی کے وکیل اظہر صدیق کے درمیان ہاتھاپائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی جس میں کوثر کاظمی اور اظہر صدیق کے درمیان پہلے تلخ کلامی ہوئی پھر بات ہاتھا پائی تک جا پہنچی اور کوثر کاظمی نے اظہر صدیق پر تھپڑوں کی بارش کر دی۔

کوثر کاظمی نے اس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو ہوا نہیں ہونا چاہیے تھا لیکن اظہر صدیق چیخ کر اونچا بولنے کے چکر میں الفاظ کا مناسب چناؤ بھول جاتے ہیں۔ تحریک انتشار اب اپنا قبلہ درست کر لے کیونکہ ہم اپنی اور اپنی قیادت کی توہین بالکل برداشت نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: ‏ترجمان پنجاب حکومت کا پی ٹی آئی وکیل اظہر صدیق کو تھپڑ، سوشل میڈیا پر بھی لڑائی شروع

اس واقعہ پر اظہر صدیق نے صحافی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ وہ مارشل آرٹ جانتے ہیں ایک مُکّا مارتے تو کوثر کاظمی نے نیچے گر جانا تھا ۔ پھر سب نے کہنا تھا کہ سینئر وکیل نے سرِ عام تشدد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم پر الزام لگایا جا رہا تھا کہ تحریک انصاف انتشاری ٹولہ ہے لیکن انہوں نے ثابت کیا کہ ایسا کچھ نہیں ہے۔

اظہر صدیق کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر صارفین کی جانب سے مختلف تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ افی نامی صارف نے اظہر صدیق کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے سب کے دل جیت لیے ہیں۔

احسن مسعود نے کوثر کاظمی کو مخاطب کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ آپ بچ گئے ہیں کیونکہ اظہر صدیق مارشل آرٹ جانتے ہیں۔

ایک صارف نے اظہر صدیق سے درخواست کی کہ مارشل آرٹ کرتے ہوئے اپنی ایک ویڈیو ریلیز کر دیں۔

عمران احمد نے لکھا کہ وکیل اظہر صدیق کے اس اقدام سے انتشار کا سارا الزام مسلم لیگ ن پر آ گیا اور پی ٹی آئی سے یہ الزام ہٹ گیا کہ وہ انتشاری جماعت ہے۔

ایک ایکس صارف نے لکھا کہ یہ والا اظہر صدیق جو مارشل آرٹ بھی جانتا ہے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp