کراچی کے علاقے شاہ فیصل کالونی میں غیرقانونی پیٹرول بیچنے والی دکان پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا تھا، اب پولیس نے مذکورہ واقعے کا مقدمہ جاں بحق شہری کے بھائی کی مدعیت میں درج کرلیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ قتل البسبب سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کرایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: غیرقانونی پیٹرول کی دکان پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق، رہائشی عمارت خاکستر
جاں بحق شہری کے بھائی نے ایف آئی آر میں مؤقف اپنایا ہے کہ جناح اسپتال سے بھائی کے زخمی حالت میں پہنچنے کی اطلاع ملی تھی، اسپتال پہنچا تو بھائی کا انتقال ہوگیا تھا۔
انہوں نے درخواست میں لکھا ہے کہ ان کا بھائی سراج احمد شاہ فیصل کالونی میں نائی کی دکان پر بال کٹوا رہا تھا، نائی کے ساتھ دکان پر پیٹرول نوزل لگی ہوئی تھی، اچانک پیٹرول کی دکان میں آگ لگی، جو نائی کی دکان میں داخل ہوگئی۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی عمارت میں آتشزدگی پر قابو پالیا گیا
’لوگ جان بچا کر اوپر والی منزل پر چڑھ گئے تھے اور میرا بھائی نائی کی دکان کے اندر ہی آگ کی لپیٹ میں آگیا تھا۔‘
مدعی مقدمہ کے مطابق آگ لگنے کے باعث بھائی سراج جھلس کر زخمی ہوا، آگ رات سوا 8 بجے کے قریب لگی، مقدمہ میں پیٹرول پمپ کے مالک ریاض احمد اور دکان کے مالک راحیل اسلم کو نامزد کیا گیا ہے، مالکان نے پیٹرول پمپ نوزل لگوائی اور حفاظتی اقدامات نہیں کیے۔