فٹبالر رونالڈو نے نئی تاریخ رقم کردی، سوشل میڈیا پر 1 ارب فالوورز ہوگئے

جمعہ 13 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے ایک اہم سنگ میل عبور کرتے ہوئے ایک اور منفرد ریکارڈ اپنے نام کرلیا ہے۔

فٹبال کی دنیا کے اس مایہ ناز اور عظیم کھلاڑی کے سوشل میڈیا پلٹ فارمز پر فالورز کی تعداد ایک ارب سے تجاوز کرگئی ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو ایک ارب سے زائد فالوورز رکھنے والے دنیا کے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: رونالڈو کا یوٹیوب چینل ’UR · Cristiano‘ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں شامل

سعودی فٹبال کلب سے منسلک النصر 39 سالہ پرتگالی اسٹار کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو نے گزشتہ روز اپنے اس نئے قائم ہونے والے ریکارڈ کے بارے میں اپنے فالورز کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ کے ذریعے آگاہ کیا۔ اس پوسٹ میں انہوں نے اپنے فالورز کا شکریہ ادا کیا۔

رونالڈو نے کہا، ’ ہم سب نے مل کر یہ تاریخی کامیابی حاصل کی، ایک ارب صرف ایک ہندسہ ہے، حقیقت میں یہ اس کھیل (فٹبال) کے لیے ہمارے مشترکہ جوش و جذبے اور محبت کا اظہار ہے، مڈیرا کی گلیوں سے لے کر دنیا کے بڑے بڑے میدانوں تک میں نے ہمیشہ اپنی فیملی اور آپ (مداحوں) کے لیے کھیلا اور اب ایک ارب کی تعداد میں ہم سب مل کر ایک ساتھ کھڑے ہیں۔‘

رونالڈو نے کہا، ’آپ سب نے ہمیشہ ہر اچھے اور برے وقت میں میرا ساتھ دیا، یہ ہمارا مشترکہ سفر ہے اور ہم نے مل کر یہ ثابت کردیا ہے کہ کامیابی پانے کی کوئی حد نہیں ہوتی‘۔ انہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ابھی اور بھی بہترین کامیابیاں آنی ہیں جس کے لیے ہم محنت کرتے اور کامیابیاں سمیٹتے رہیں گے اور مل کر تاریخ رقم کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے نیا ریکارڈ بنا ڈالا

یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کرسٹیانو رونالڈو نے دنیا کے سب سے بڑے ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب پر انٹری دیتے ہی 2 نئے عالمی ریکارڈز اپنے نام کیے تھے جس میں یوٹیوب پر کم وقت میں 10 لاکھ سبسکرائبرز اور ایک دن کے اندر 10 ملین سبسکرائبرز حاصل کرنے کا اعزاز شامل ہے۔ کرسٹیانو رونالڈو کے یوٹیوب چینل ’یور کرسٹیانو‘ نے گزشتہ ماہ کے آخر میں عالمی ریکارڈ بُک ’گینیز ورلڈ ریکارڈ‘ میں بھی نام درج کرا لیا تھا۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ رونالڈو کو انسٹا گرام سے زیادہ فالوورز کے ساتھ گنیز ورلڈ ریکارڈ میں اپنا نام لکھوا چکے ہیں، نومبر 2022 میں وہ اس پلیٹ فارم پر 500 ملین فالوورز تک پہنچنے والے پہلے شخص کے طور پر سامنے آئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp