افغانستان اور نیوزی لینڈ کا واحد ٹیسٹ میچ بنا کھیلے ختم، نیا ریکارڈ قائم؟

جمعہ 13 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سلسلے میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کے مابین واحد ٹیسٹ بنا کھیلے ختم کردیا گیا ہے۔ بھارتی ریاست نوائیڈا کے وجے سنگھ پھاٹک اسپورٹس کمپلیکس میں بارش اور گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے میچ کے لیے ٹاس تک نہیں ہوسکا۔

ٹیسٹ میچ کے پہلے 2 روز موسم ٹھیک ہونے اور سورج نکلے رہنے کے باوجود گیلی آؤٹ فیلڈ کی وجہ سے ٹاس نہیں ہوسکا تھا، جس نے اسٹاف کی جانب سے گراؤنڈ کی تیاریوں پر سوالات اٹھائے جب کہ باقی 3 روز مسلسل بارش کی وجہ سے دونوں ٹیمیں میدان میں نہ اتر سکیں۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش نے پاکستان کو دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ہرا کر پہلی بار سیریز اپنے نام کرلی

میچ کے آخری روز امپائرز کی جانب سے گراؤنڈ کی انسپکشن بھی کی گئی تاہم گراؤنڈ میں جگہ جگہ پانی جمع ہونے اور آؤٹ فیلڈ گیلی ہونے کی وجہ سے میچ بغیر ٹاس کے ہی ختم کردیا گیا۔ افغان کرکٹ بورڈ کہا ہے کہ نوئیڈا میں مسلسل بارش کی وجہ سے افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ ختم کردیا گیا ہے۔

افغانستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان منسوخ کردہ میچ کرکٹ کی تاریخ کا 8واں ٹیسٹ میچ ہے جسے بغیر گیند پھینکے منسوخ کردیا گیا۔ نوئیڈا میں افغانستان اور نیوزی لینڈ کا میچ 21ویں صدی کا بھی پہلا ٹیسٹ بن گیا جو ایشیا میں بارش کی وجہ سے منسوخ ہوا۔ مسلسل بارشوں نے افغانستان اور نیوزی لینڈ کو پہلی بار آمنے سامنے نہیں آنے دیا۔

مزید پڑھیں:قتل کیس میں نامزد شکیب الحسن دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلیں گے یا نہیں؟ بنگلہ دیشی کرکٹ بورڈ کا بیان آگیا

واضح رہے کہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں 1890 سے لیکر آج تک صرف 7 مرتبہ ایسا ہوا ہے کہ میچ بنا ایک گیند پھینکے ختم کردیا گیا ہو۔ آخری مرتبہ ایسا 1998 میں ہوا تھا اور وہ میچ بھی نیوزی لینڈ کا ہی تھا۔ بھارت اور نیوزی لینڈ کے درمیان ڈونیڈن میں ہونے والا میچ بارش کی وجہ سے ختم کردیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp