ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں آج پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، ٹورنامنٹ فیورٹ ٹیم بھارت اس وقت 4میچ جیت کر ناقابل شکست ہے، جبکہ پاکستان بھی ابھی تک ٹورنامنٹ میں کوئی میچ ہارا نہیں ہے۔
ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارت 4میچز جیت کر پوائنٹس ٹیبل پر 12پوائنٹس کے ساتھ ٹاپ پر ہے، جبکہ پاکستان 2 میچ جیت کر اور 2 میچ برابر ہونے کے بعد 8 پوائنٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ دونوں ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرچکی ہیں۔
مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان سیمی فائنل میں پہنچ گیا
ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں بھارتی ٹیم نے 4 میچز میں 19 گول کیے اور اس کے خلاف مخالف ٹیمیں 4میچوں میں صرف 3 گول کر پائی ہیں۔ دوسری جانب ایونٹ میں پاکستان ٹیم نے 4میچز میں 11 گول کیے اور پاکستان کے خلاف مخالفین 5 گول کرپائے۔
پاکستانی وقت کے مطابق میچ دوپہر پونے ایک بجے شروع ہوگا، ایونٹ کے راؤنڈ میچز آج مکمل ہوجائیں گے اور دیگر 2سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا بھی فیصلہ ہو جائے گا۔
ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی میں سیمی فائنلز 17 ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کا میچ کس ٹیم کے ساتھ ہوگا۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپئنز ٹرافی: پاکستانی ٹیم فتح بھول گئی، جنوبی کوریا کے ساتھ بھی میچ برابر
واضح رہے اس سے قبل بھارت 4 مرتبہ اور پاکستان 3 مرتبہ ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی جیت چکا ہے۔ ہاکی کی عالمی رینکنگ میں بھارت پانچویں اور پاکستان 16 ویں نمبر پر موجود ہے۔