پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سینیئر رہنما اور سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پورے ملک میں باز گشت ہے کہ آئینی ترامیم لائی جا رہی ہیں، بغیرپڑھے قانون منظور کرنے کی جلد بازی کی جا رہی ہے۔
ہفتہ کے روز سینیٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ ملک میں بغیر پڑھے قانون منظور کرنے کی جلد بازی کی جا رہی ہے، اگر حکومت کی تیاری نہیں تھی تو آج کا اجلاس کیوں بلایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:پارلیمنٹ کی بے توقیری سے لگتا تھا ہاؤس عوام کا نمائندہ نہیں، مجرموں کی آماجگاہ ہے، شبلی فراز
شبلی فراز نے کہا کہ وہ قوانین جو ملک کوچلانے میں مدد دیتے ہیں، یہ ہاؤس کی بنیادی ذمہ داری ہے، یہ آئینی و قانونی ذمہ داریاں پوری کرنا تو فخر کی بات ہے، کسی بھی قانون سازی کے لیے ہمیں یہاں بل پکڑا دیے جاتے ہیں اور پھر پڑھے بغیرپاس کردیے جاتے ہیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ ایوان میں بل بلڈوزکیے جاتے ہیں، متعلقہ کمیٹیوں کو بل نہیں بھیجے جاتے، آپ لوگ کیسی نظیرقائم کررہے ہیں، مجوزہ ترمیمی بل حکومتی ممبران نہ اپوزیشن کے ساتھ شئیرکیا جارہا ہے، ہمارا کہنا ہے کہ یہاں ایوان میں قوانین پر مکمل بحث ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آئین میں ترامیم کوئی معمولی بات نہیں ہے، اس کو مکمل پراسراربنایا ہوا ہے، آپ سے نمبر گیم پورے نہیں ہورہے ہیں، آپ دوسری تدابیرکررہے ہیں۔ وزیرقانون ایوان میں موجود نہیں ہیں، وہ یہاں آتے اوراعتماد میں لیتےہیں۔
مزید پڑھیں:استعفیٰ مانگنے والے بہت سے لوگ سڑکوں پر پھر رہے ہیں، شبلی فراز کا شیر افضل مروت کے بیان پر ردعمل
شبلی فراز نے کہا کہ آپ نے اسے شروع سے ہی متنازع بنا دیا ہے، آئینی ترامیم کے لیے آئین نے کڑی شرائط رکھی ہیں، ملک میں غیر یقینی کی صورتحال ہے، ملک تذبذب کا شکار ہے۔
اگرآپ ملک کے مفاد میں قانون پاس کر رہے ہیں تو ہمارے ساتھ بھی شیئر کریں، آپ کسی خاص طبقہ کے مفادات کے لیے یہ سب کررہے ہیں، ہیجان پربا ہے کہ ملک میں آئینی ترامیم لائی جارہی ہیں، حکومت نے قانون سازی کو خفیہ رکھ کر پہلے ہی متنازع بنا دیا ہے۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ بدقسمتی سے پیپلز پارٹی جمہوری اقدار سے پیچھے ہٹ رہی ہے، پیپلزپارٹی بھٹو کے نظریہ سے ہٹ کر مفادات کی سیاست میں چلی گئی، ملک جن حالات سے گزر رہا ہے وہ دردناک کہانی ہے۔ اس وقت ملک میں بے یقینی کی جو صورت حال ہے ایسی پہلے کبھی نہیں ہوئی، بلوچستان امن وامان کی وجہ سے خراب حالات سے گزر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : فواد چوہدری بھگوڑے ہیں ان کی بات کا کیا جواب دوں؟ پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی وجہ سے خیبرپختونخواہ نے بے تحاشہ قربانیاں دیں،40 سال پہلے پرائی جنگ میں دھکیلنے والے پھر کے پی کے میں متحرک ہوگئے ہیں، اگر آپ ملک کی بہتری کے لیے قانون سازی کررہے ہیں تو ہمیں بھی دکھائیں۔
شبلی فراز نے مزید کہا کہ حکومتی ارکان لوگوں کو توڑنے موڑنے میں لگے ہوئے ہیں، یہ تو ملکی نہیں کسی اور کے مفاد کےلیے کیا جارہا ہے، اگر نمبرز ہوں تو کوئی بھی قانون سازی کرسکتے ہیں۔