پاکستان اور چین کی اعلیٰ فوجی قیادت نے علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے حوالے سے ایک دوسرے کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں گہرے اور تاریخی تعلقات کو سراہا ہے۔
پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر ) کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے عوامی جمہوریہ چین کے سرکاری دورے کے دوران سینٹرل ملٹری کمیشن (سی ایم سی) کے وائس چیئرمین جنرل ہی وی ڈونگ اور سی ایم سی جوائنٹ اسٹاف ڈپارٹمنٹ کے چیف جنرل لیو ژینلی سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں۔
اعلامیے کے مطابق جنرل ساحر شمشاد مرزا نے علاقائی امن و استحکام میں پاکستان کے کردار کے موضوع پر 11 ویں بیجنگ ژیانگ شان فورم سے موجودہ علاقائی صورت حال اور دفاعی موضو ع پر خطاب بھی کیا۔
اعلامیے کے مطابق چین کی فوجی قیادت سے ملاقاتوں کے دوران پاکستان اور چین کے درمیان مختلف شعبوں میں گہرے اور تاریخی تعلقات کو سراہا گیا اور دوطرفہ اسٹریٹجک شراکت داری اور دفاعی تعاون پر ہونے والی پیش رفت پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ملاقاتوں کے دوران چین کی اعلیٰ فوجی قیادت نے پاکستان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے حوالے سے پاکستان کی بھرپور حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔