امریکی سیکیورٹی اداروں نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر ایک اور قاتلانہ حملہ ناکام بناتے ہوئے مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق، سابق صدر پر ممکنہ ’قاتلانہ حملہ‘ ریاست فلوریڈا میں ویسٹ پام بیچ میں ان کے گولف کلب میں ہوا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ خیریت سے ہیں اور بالکل محفوظ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ: امریکی سیکریٹ سروس کی سربراہ مستعفی
امریکی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف بی آئی) کا کہنا ہے کہ فلوریڈا میں ٹرمپ کے گالف کورس میں سیکرٹ سروس ایجنٹس نے ٹرمپ سے 400 قوس دور جھاڑیوں میں سے ایک AK اسٹائل رائفل کی نالی باہر نکلتے دیکھی تو اس جانب فائرنگ کردی۔
ایجنٹ کی فائرنگ سے مسلح شخص رائفل، بیک پیکس، دوربین اور گوپروکیمرا وہیں چھوڑ کر اپنی ایس یو وی میں فرار ہوگیا، جسے پولیس نے قریبی علاقے سے حراست میں لے لیا اور اس کی شناخت ابھی خفیہ رکھی جارہی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈونلڈ ٹرمپ پر حملہ، امریکی ایف بی آئی کا حملہ آور سے متعلق کیا کہنا ہے؟
خیال رہے کہ اس سے قبل ریاست پنسلوینیا کے شہر بٹلر میں ایک 20 سالہ نوجوان نے 13 جولائی کو سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ریلی کے دوران ایک عمارت کی چھت سے متعدد گولیاں چلائیں جس سے سابق صدر اور ریلی کے دو شرکا زخمی ہوئے اور ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔ سیکیورٹی اہلکاروں نے مسلح نوجوان کو فائرنگ کرکے ہلاک کردیا تھا۔