بھارت کا سماجی ڈھانچہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار، بھارتی مسلمانوں پر مظالم کی شدید مذمت کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

بدھ 5 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے ہفتہ وار بریفنگ میں کہا کہ بھارت میں مسلمانوں پر مظالم پر او آئی سی کے مذمتی بیان کی حمایت کرتے ہیں، بھارت کی 9ریاستوں میں مسلمانوں پر بدترین مظالم کیے جا رہے ہیں۔

ترجمان دفتر خارجہ نے بریفنگ میں کہا کہ بھارتی فورسز کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں بھی مظالم کا سلسلہ جاری ہے، انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لیا جائے۔ جب تک کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوتا ہے تب تک کشمیریوں کی ہر فورم پر مدد اور حمایت جاری رکھیں گے۔

 ممتاز زہرہ بلوچ نے مزید بتایا کہ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال چین کے سرکاری دورے پر ہیں جہاں وہ اعلیٰ چینی حکام سے ملاقاتیں کریں گے اور چین کی کانفرنس میں بھی شرکت کریں گے۔

بریفنگ کے دوران صحافیوں کے ایران پاکستان بارڈر پر کشیدگی سے متعلق سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ فائرنگ کے واقعے پر ایرانی حکومت سے ہر سطح پر رابطہ کیا گیا ہے۔ ایرانی سفیر کو طلب کئے جانے کے سوال پر ترجمان دفتر خارجہ واضح جواب نہ دے سکی۔

بریفنگ کے دوران بھارت سے متعلق ایک سوال پر ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی قیادت کے بارے میں ہرزہ سرائی ان کی بے بسی کا ثبوت ہے، بھارت کا سما جی ڈھانچہ ہندوتوا کے باعث ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے، وہ اپنے سماجی ڈھانچے کو نظر انداز کر دیتے ہیں۔ پاکستان نے سندھ طاس معاہدے کے بارے میں بھارتی خط کا جواب دیا ہے، سندھ طاس معاہدہ پر عملدرآمد کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp