پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا ڈرائیور قتل کردیا گیا

بدھ 18 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف سندھ کے رہنما حلیم عادل شیخ کے ڈرائیور کو قتل کردیا گیا۔

پولیس ذرائع کے مطابق سپر ہائی وے چاکر ہوٹل آکا خیل گراؤنڈ کے قریب فائرنگ سے 45 سالہ شاہ نوازنامی شخص ہوگیا۔مقتول شاہ نواز پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ  کا ڈرائیور اور جنجال گوٹھ کا رہائشی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقتول صبح چار بجے گھر سے نکلا  تھا۔ صبح 6 بج کر50منٹ پر اس کی  لاش سڑک کنارے سے ملی ہے۔ بظاہر مقتول کو جسم پر 2 گولیاں مار کر قتل کیا گیا۔

شبہ ہے کہ مقتول کو نامعلوم مسلح ملزمان نے کسی دوسرے مقام پر قتل کیا اور لاش سپرہائیوے چاکر ہوٹل آکا خیل گراؤنڈ کے قریب پھینک کر فرار ہوگئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔

حلیم عادل شیخ کا بیان بھی سامنے آگیا

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما حلیم عادل شیخ نے کہا ہے کہ سپر ہائی وے پر قتل ہوا شاہنواز میرا ڈرائیور تھا۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حلیم عادل شیخ نے کہا کہ شاہنواز میرے پاس 20 سال سے ڈرائیور تھا، وہ میرے پاس گھر آنے کے لیے نکلا تھا۔

حلیم عادل شیخ کا کہنا ہے کہ مقتول کی موٹر سائیکل غائب ہے جبکہ دیگر قیمتی اشیاء موجود ہیں۔

پی ٹی آئی کے رہنما نے کہا کہ پولیس کے اعلیٰ افسران سے کہا ہے میرٹ پر تفتیش کی جائے، تفتیش کے بعد پتہ چلے گا کہ قتل کی اصل وجہ کیا ہے، مقتول ڈرائیور نے کبھی کسی خطرے یا دھمکی کا ذکر نہیں کیا۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول صبح 4 بجے گھر سے نکلا تھا، لاش صبح 6 بج کر 50 منٹ پر سڑک کنارے سے ملی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شبہ ہے مقتول کو ملزمان نے کسی اور مقام پر قتل کیا اور لاش سپر ہائی وے آغا خیل گراؤنڈ کے قریب پھینک دی۔

 

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp