گورنر ویلا منڈا، بلاول اور آصف زرداری کے کہنے پر مجھے تنگ کرتا ہے، علی امین گنڈاپور

بدھ 18 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے گورنر خیبرپختونخوا کو فارغ آدمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے پاس کوئی کام ہے ہی نہیں، اور بغیر ثبوت بات کرتا رہتا ہے، گورنر کی تعیناتی پرچی پر ہوئی ہے، اس کے خلاف پہلے ہی نوٹس بھیج رکھا ہے۔ گورنر کو کوئی آئینی حیثیت حاصل نہیں ہے، بس صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو کے کہنے پر بیان بازی کرتا ہے۔

علی امین نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ گورنر ویلا منڈا ہے، ٹک ٹاک پر جو ’ویلے منڈے‘ کی آئی ڈی ہے اس کو دے دی جائے۔ گورنر مجھے بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری کے کہنے پر تنگ کرتا ہے۔ ایک ٹک ٹاکر پنجاب میں بھی بیٹھی ہے اور ایک ٹک ٹاکر یہاں بیٹھا ہوا ہے۔

’گورنر اہمیت بڑھانا چاہتا ہے، جب میں یہاں پریشر ڈالتا ہوں تو کہتا ہے مجھے تو وہاں سے کہا جاتا ہے‘۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے عوامی شکایات جاننے کے لیے ای پورٹل بنا دیا، جس کے تحت عوام براہ راست اپنی شکایات درج کراسکیں گے۔ پورٹل پر شکایات آنے کی صورت میں کارروائی کی جائے گی اور پورٹل پر درخواستوں اور عمل درآمد کا ڈیٹا میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔

عوام کے مسائل حل کرنے کے لیے ’اختیار عوام کا‘ کے نام سے خصوصی پورٹل کا اجرا کیا گیا، وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے عوام اختیار کا پورٹل کا با ضابطہ اجرا کیا، شہری اپنے تمام مسائل کے حل کے لیے شکایات اس پورٹل پر درج کرا سکیں گے۔ پورٹل 24 گھنٹےعوامی خدمت اور شکایات کے ازالے پرکام کرے گا۔ شکایات کی ریئل ٹائم ٹریکنگ اور مانیٹرنگ بھی اسی پورٹل  کے ذریعے ہوگی۔

سمندر پار پاکستانی بھی اپنے مسائل اور شکایات اسی پورٹل پر درج کرا سکیں گے، شہریوں کا فیڈ بیک، تجاویز اور آرا بھی اسی پورٹل کے ذریعے لی جائیں گی۔ اس پورٹل میں آرٹیفیشل انٹیلیجنس کے ذریعے تجزیات و رپورٹنگ بھی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنداپور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج عوام کو اختیار دے رہا ہوں کہ جو بھی مسائل ہیں ان کو خود اجاگر کریں، عوام نے ووٹ دے کر ہمیں اختیار دیا آج وہی اختیار ان کو دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: کیا اسلام آباد جلسے کے بعد علی امین گنڈاپور کی پوزیشن مزید مضبوط ہوگئی؟

انہوں نے کہا کہ اختیار ہی مسائل کا حل ہوں گے، عوام کی شکایات کا ازالہ کرنے کے لیے پورٹل بنایا ہے، اس پورٹل پر عوام براہ راست اپنی شکایات درج کراسکیں گے۔ پورٹل کا ڈیٹا میڈیا سے شیئر کیا جائے گا۔

علی امین نے کہا کہ یہ عمران خان کی خواہش تھی کہ اس طرح کا پورٹل بنایا جائے، انہوں نے ہمیشہ عوام کو اختیار دینے کی بات پر زور دیا ہے۔ حکومت کی اصل ٹیم عوام ہیں، عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے ہی سارے کام ہورہے ہیں۔

وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ اصلاح پہلے ہے سزا بعد میں، جو بھی غلط کام کرے گا وہ اصلاح کرلے ورنہ سزا کے لیے تیار رہے، عہدوں پر براجمان لوگوں کی ذمہ داری ہے عوام کو ریلیف دیں۔

ضم اضلاع میں امن و امان کا مسئلہ بڑا چیلنج ہے

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے ضم اضلاع میں امن و امان کی صورت حال پر بات کرتے ہوئے کہا کہ بہت سی چیک پوسٹوں کو ختم کرنے جارہے ہیں اور امن امان کی صورت حال کو بحال کرنے کے لیے جرگہ سسٹم بحال کررہے ہیں۔

’کان کنی کا اختیار سب سے پہلے قبائلی عوام کو دیا جائے گا‘۔

روزگار 3 پراجیکٹ لانچ کررہے، لاکھوں لوگوں کو کاروبار کے لیے قرضے فراہم کریں گے، عوام کو اب ٹیکس کے پیسوں سے وظیفے لینے کی ضرورت نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آئینی ترامیم بل پاس ہونا تو دور کی بات آئندہ کسی کی جرات نہیں کہ بل پیش کرے، علی امین گنڈا پور

غیر قانونی بھرتیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لارہے ہیں، نگراں حکومت نے غیر قانونی بھرتیاں کیں ان کو ختیار ہی نہیں تھا، ان بھرتیوں کو ختم کررہے ہیں۔

پیپلزپارٹی کا صوبے میں کوئی ووٹ ہی نہیں اور انکو گورنر دے دیا ہے

گورنر بغیر ثبوت بات کرتے ہیں،گورنر کی تعیناتی پرچی پر ہوئی ہے۔ فیصل کریم کنڈی کو پہلے ہی نوٹس بھیج رکھا ہے۔ گورنر کو کوئی آئینی حیثیت حاصل نہیں ہے۔ صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو ان کو بیان دینے کا کہتے ہیں۔

علی امین افغان قونصلیٹ کی حمایت میں سامنے آگئے

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور قومی ترانے پر کھڑے نہ ہونے والے افغان قونصلیٹ کے ممبران کے اقدام کی مزمت کے بجائے وضاحتیں دینے لگ گئے۔ انہوں نے کہا کہ افغان قونصلیٹ کو ترانے سے کوئی ایشو نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ افغان طالبان کہتے ہیں کہ میوزک کی وجہ سے وہ کھڑے نہیں ہوئے، انہوں نے میوزک کی وجہ سے اپنے ملک کا ترانہ بھی بین کررکھا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp