وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرول 10 اور ڈیزل کی قیمتوں میں 18 روپے کمی کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے من مانے کرائے وصول کرنے اور قیمتوں میں کمی کے باوجود زائد کرایہ وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف کارروائی کا سلسہ شروع کردیا۔
وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر پنجاب میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں کمی کرانے کا حکم دیا تو انتظامیہ حرکت میں آگئی، اور 37شہروں کے لیے نجی ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی کا نیا شیڈول جاری کردیا گیا۔
مزید پڑھیں: پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی، پیٹرول 10 اور ڈیزل 13 روپے فی لیٹر سستا ہوگیا
جس کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب نے صوبے بھر کی انتظامیہ کو ٹرانسپورٹ کرایوں کی چیکنگ کے لیے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے انتظامی افسران کو کہا کہ پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کا پورا ریلیف ہر مسافر، ہر شہری، ہر طالب علم تک پہنچنا یقینی بنایا جائے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے احکامات پر مسافروں کے لیے ٹرانسپورٹ کرایوں میں 40 سے 250 روپے تک کمی کردی گئی ، پنجاب کے 41 شہروں میں گاڑیوں کی چیکنگ، مسافروں سے وصول کردہ کرائے کے بارے میں پڑتال کی گئی۔ ایک بار پھر مسافروں کو ایک لاکھ 5 ہزار 540 روپے زائد وصول کیا گیا کرایہ واپس کردیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:کراچی: غیرقانونی پیٹرول کی دکان پر آگ لگنے سے ایک شخص جاں بحق، رہائشی عمارت خاکستر
زائد کرایہ وصول کرنے پر 3لاکھ 58 ہزار 500 سو روپے کے جرمانے، 30 گاڑیاں بند کردی گئیں، وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر شہریوں کی شکایات اور ازالے کے لیے ہیلپ لائن بھی فعال کردی گئی۔
وزیر اعلیٰ کی جانب سے صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ، کمشنرز، ڈپٹی کمشنر، ٹرانسپورٹ اتھارٹی حکام اور ضلعی انتظامیہ کے افسران کو فیلڈ میں رہنے اور سخت چیکنگ کی ہدایات جاری کی گئیں، اور زائد وصول کیا گیا کرایہ شہریوں کو واپس کرنے کا حکم دیا گیا۔