سوشل میڈیا ایپ انسٹا گرام نے اپنے آن لائن پلیٹ فارم نے کم عمر صارفین کے لیے ’ٹین اکاؤنٹس‘ کا اجرا کر دیا جس کا بچوں کے آن لائن تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔
یہ اکاؤنٹس 18 سال سے کم عمر کے صارفین کو ایک نجی اکاؤنٹ کے طور پر فراہم کیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: انسٹاگرام کے نئے فیچر میں کیا خاص ہے؟
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق اس ضمن میں امریکا، برطانیہ، کینیڈا اور آسٹریلیا میں منگل سے سائن اپ کرنے والے 18 سال سے کم عمر کے نئے صارفین کو محدود خصوصیات اور والدین کی زیادہ نگرانی کے ساتھ خصوصی ’ٹین اکاؤنٹس‘ دیے جا رہے ہیں۔
والدین کے خدشات کیا تھے؟
انسٹاگرام کی مالک کمپنی میٹا میں مصنوعات کے شعبے کی سربراہ نومی گلیٹاس نے کم عمر صارفین کے لیے علیحدہ اکاؤنٹس جاری کرنے کی وجوہات بتاتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے والدین کو اپنے بچوں کے حوالے سے چند خدشات لاحق تھے جن کا اظہار وہ وقتاً فوقتاً کیا کرتے تھے۔
مزید پڑھیے: انسٹاگرام پر بچوں کو فحش ویڈیوز تجویز کیے جانے کا انکشاف
نومی گلیٹاس نے بتایا کہ والدین شکایت کرتے تھے کہ ان کے نوعمر بچے ایسا مواد دیکھ رہے ہیں جسے وہ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں اور ایسے لوگ ان سے رابطہ کر رہے ہیں جن سے وہ رابطہ نہیں کرنا چاہتے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ایک اور شکایت یہ بھی تھی کہ بچے ایپ پر بہت زیادہ وقت صرف کر رہے ہیں لہٰذا ’ٹین اکاؤنٹس‘ حقیقتاً ان تینوں خدشات کو دور کرنے پر مرکوز ہیں۔
’ٹین اکاؤنٹ‘ کی خاص باتیں
بنیادی طور پر نجی اکاؤنٹس ہونے کے علاوہ ٹین اکاؤنٹس صرف ان لوگوں کے پیغامات ہی وصول کر سکتے ہیں جن کو وہ فالوکرتے ہیں یا جن سے وہ پہلے سے رابطے میں ہوتے ہیں۔
یہ پلیٹ فارم حساس مواد تک رسائی بھی محدود کر دے گا جس میں تشدد اور خوبصورتی کے لیے مصنوعی طریقہ کار اپنانے کو فروغ دینے والی ویڈیوز شامل ہوا کرتی ہیں۔
اگر کوئی کم عمر صارف ٹین اکاؤنٹ پر 60 منٹ سے زیادہ آن لائن رہتا ہے تو انسٹاگرام نوٹیفکیشن بھیجے گا۔
رات کو رابطہ کرنے والوں کو خودکار جواب
ایک ’سلیپ موڈ‘ رات 10 بجے سے صبح 7 بجے کے درمیان نوٹیفکیشنزکو خود بخود خاموش کر دے گا اور اس دوران آنے والے پیغامات کے خود کار طریقے سے جواب دے کر لوگوں کو صارف کے ساتھ دن کے وقت رابطہ کرنے کا کہے گا۔
مزید پڑھیں: انسٹاگرام نے بالآخر صارفین کو فحش تصاویر دیکھنے سے بچانے کا فیصلہ کرلیا
یہی نہیں بلکہ اس اکاؤنٹ کی سیٹنگز تک والدین کو بھی رسائی ہوگی تاکہ یہ مانیٹر کیا جا سکے کہ ان کے بچے آن لائن کن مشاغل میں مصروف ہیں۔
نومی گلیٹاس کا کہنا ہے کہ والدین فیملی سینٹر کے ذریعے دیکھ سکیں گے کہ ان کے نوعمر بچوں کو کون پیغام بھیج رہا ہے اور وہ اس بارے میں اپنے بچوں کے ساتھ بات چیت کر سکیں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر کوئی آن لائن دھمکی یا ہراسانی کا شکار ہو رہا ہے تو والدین کو یہ معلوم ہوگا کہ ان کا نوعمر بچہ یا بچی کس کو فالو کر رہا ہے اور کون ان کے بچوں کو فالو کر رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: فیس بک و انسٹاگرام ٹھپ: ’ایکس‘ مالک ایلون مسک کے طنز کے تیر
والدین کو اس بات کا بھی علم رہے گا کہ ان کے ٹین ایجر نے گزشتہ 7 دنوں میں کس کو میسج کیا ہے تاکہ اس گفتگو کی روشنی میں وہ اپنے بچوں کو ان مشکل آن لائن حالات میں راستہ ڈھونڈنے میں مدد کرسکیں۔
ٹین اکاؤنٹس کیسے ملیں گے؟
18 سال سے کم عمر کے تمام صارفین کو ٹین اکاؤنٹس خود بخود دے دیے جائیں گے اور ایسے اکاؤنٹ رکھنے والے 16 اور 17 سال کے نوجوان سیٹنگز میں جا کر ان پابندیوں کو غیر فعال کر سکتے ہیں۔
تاہم 15 سال اور اس سے کم عمر کے بچوں کو ایسا کرنے کے لیے اپنے والدین کی اجازت درکار ہوگی۔