تحریک تحفظ آئین پاکستان کے ترجمان و مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اخونزادہ حسین نے کہا ہے کہ تحریک انصاف اور جمعیت علما اسلام آئین کو بچانے کی مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان کی آج کی پریس کانفرنس ان کی سیاسی بصیرت کا اظہار ہے، موجودہ حالات کی جو منظر کشی اور اداروں کے کردار و اہمیت پر جے یو آئی سربراہ نے جو بات کی وہ فوری توجہ کی متقاضی ہے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان سے متعلق سوال پر مولانا فضل الرحمان کا دلچسپ جواب
انہوں نے کہاکہ آئین کو بچانے کے لیے پی ٹی آئی اور جے یو آئی مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں، اور اس میں مولانا فضل الرحمان کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
اخونزادہ حسین نے کہاکہ عمران خان نے اس ضمن میں اسد قیصر کو جمیعت علما اسلام سے قریبی رابطہ قائم رکھنے اور مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے کی واضح ہدایت دے رکھی ہے، اور اس کے پیش نظر تحریک انصاف اور جمیعت علما اسلام کے قائدین کا حکمت عملی پر قریبی تعاون قائم ہے اور ہم مشترکہ جدوجہد کے لیے تیاری کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں کیا عمران خان مولانا فضل الرحمان سے ناخوش ہیں؟ وکیل نعیم پنجوتھا نے آنکھوں دیکھا حال بتادیا
انہوں نے کہاکہ پاکستان کا آئین اہم ترین دستاویز ہے جو اداروں کے درمیان اختیارات کا توازن طے کرتا ہے، آئین کے تحفظ کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے اور چند شخصیات کے اقتدار کے دوام دینے کے لیے آئین سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔