پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے وکیل رہنما نعیم حیدر پنجوتھا نے کہا ہے کہ عمران خان نے اڈیالہ جیل میں گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کے کردار کو سراہا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو بیان میں انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا پر مختلف خبریں چل رہی ہیں کہ عمران خان ان سے ناخوش تھے، ایسی کوئی بات نہیں۔
مولانا کے حوالے سے عجیب خبریں چل رہی تھی ،خان صاحب نے مولانا کو سراہا ہے . pic.twitter.com/r6h1oC4oGS
— Naeem Haider Panjutha (@NaeemPanjuthaa) September 18, 2024
نعیم حیدر پنجوتھا نے کہاکہ عمران خان نے اپنی گفتگو میں کہاکہ مولانا فضل الرحمان نے جو کردار ادا کیا ہم اسے سراہتے ہیں، اور جو بھی آئین کے ساتھ کھڑا ہوگا پوری قوم اسے سراہے گی۔
واضح رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے عدالتی اصلاحات سے متعلق آئینی ترمیم کے معاملے پر حکومت کو مزید مشاورت کا مشورہ دیتے ہوئے فوری ووٹ دینے سے معذرت کی تھی، جس کے بعد حکومت اور اپوزیشن دونوں اطراف سے ان کی حمایت حاصل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
آج اڈیالہ جیل میں عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ مولانا فضل الرحمان اگر جمہوریت کے لیے کھڑے ہیں تو یہ اچھی بات ہے، جمہوریت کے لیے تمام سیاسی قوتوں کو متحد ہونا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں مولانا اگر جمہوریت کے ساتھ ہیں تو اچھی بات ہے، عمران خان کا جے یو آئی سربراہ سے متعلق محتاط جواب
جب ایک صحافی نے عمران خان سے مولانا فضل الرحمان سے متعلق سوال کیا کہ ان کے کردار کو کیسے دیکھتے ہیں، جس پر عمران خان نے مشکوک تاثر دیتے ہوئے کہاکہ کچھ کہہ نہیں سکتے۔