سعودی عرب کے طبی شعبے نے ایک اور سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ مملکت میں پہلی بار ایک 16 سالہ نوجوان پر دنیا کی پہلی روبوٹک دل کی پیوندکاری کامیابی سے مکمل کی گئی۔ یہ تاریخی کامیابی سعودی کارڈیک سرجن ڈاکٹر فراس خلیل کی قیادت میں کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اور ریسرچ سینٹر (KFSHRC) میں حاصل کی گئی، جہاں دل کے چوتھے مرحلے کی ناکامی کا شکار نوجوان مریض کا جدید ترین طریقہ کار سے علاج کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: جناح اسپتال کراچی کا کارنامہ، روبوٹک سرجری کا کامیاب آغاز
یہ ڈھائی گھنٹے کی طویل پیچیدہ سرجری جدید روبوٹک ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دی گئی، جس میں مریض کے سینے میں کوئی چیرا لگائے بغیر دل تک رسائی حاصل کی گئی اور دل کو تبدیل کیا گیا۔ اسپتال نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ سرجری ہفتوں کی محتاط منصوبہ بندی کا نتیجہ تھی، جس کے دوران 3 دنوں میں 7 مرتبہ ورچوئل سیمولیشن کے ذریعے آپریشن کی مشق کی گئی۔
اسپیٹل کے مطابق یہ روبوٹک سرجری دل کی پیوندکاری میں ایک “انقلابی پیشرفت” ہے، کیونکہ یہ کم سے کم چیرا لگانے والے طریقہ کار کی بدولت صحتیابی کے وقت کو نمایاں طور پر کم کرتی ہے اور کھلی سرجری کے مقابلے میں پیچیدگیوں کے امکانات کو بھی کم کرتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے پمز اسپتال میں روبوٹک سرجری متعارف کروانے کا فیصلہ
گزشتہ سال کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اور ریسرچ سینٹر نے دنیا کا پہلا مکمل روبوٹک جگر کا کامیاب ٹرانسپلانٹ بھی انجام دیا تھا، جس میں 66 سالہ سعودی شہری جو نان الکوحلک لیور سروسس اور ہیپاٹو سیلولر کارسینوما کا شکار تھا، جس پر یہ سرجری کی گئی۔ اُس وقت سے اب تک 4 مزید روبوٹک جگر کے ٹرانسپلانٹ کیے جاچکے ہیں، جن میں تمام مریض سعودی شہری تھے۔
اس کامیابی پر بات کرتے ہوئے کنگ فیصل اسپیشلسٹ اسپتال اور ریسرچ سینٹر کے آرگن ٹرانسپلانٹ سینٹر کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ڈائٹر بروئرنگ نے العربیہ انگلش سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ خصوصی اسپتال گزشتہ 4 دہائیوں سے سعودی عرب کو اعضا کی پیوندکاری کے میدان میں عالمی سطح پر نمایاں کرنے کی کوشش کررہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: روبوٹک ڈیوائس سرجری سے خاتون کی موت، کمپنی پر مقدمہ درج
انہوں نے کہا کہ روبوٹک اعضا کی پیوندکاری صحت کے میدان میں ایک نئے دور کا آغاز ہے، جہاں درستگی اور کم سے کم چیرا لگانے والے طریقے کی مدد سے اعضا کی پیوندکاری کے عمل میں انقلاب برپا کیا جارہا ہے۔
یہ کامیابی نہ صرف سعودی عرب کے طبی شعبے میں ایک بڑی پیشرفت ہے بلکہ عالمی سطح پر مملکت کی ممتاز حیثیت کو مزید مضبوط کرے گی، سعودی عرب، جو پہلے ہی روبوٹک سرجری کے شعبے میں نمایاں ہورہا ہے، اب دل اور جگر کی پیوندکاری جیسے پیچیدہ آپریشنز میں بھی دنیا کے لیے ایک مثال بن چکا ہے۔