چنئی ٹیسٹ: پاکستان کو وائٹ واش کرنے والی بنگلہ دیشی ٹیم 280 رنز سے ہار گئی

اتوار 22 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی کرکٹ ٹیم نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ میں مہمان ٹیم کو 280 رنز سے شکست دے دی ہے۔ روی چندرن اشون نے دوسری اننگز میں 6 وکٹیں لے کر ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جس کی وجہ سے انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی بھی قرار دیا گیا ہے۔

بھارت اور بنگلہ دیش 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 19 ستمبر سے 22 ستمبر کے درمیان چنئی کے ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ جہاں بھارتی ٹیم نے 280 رنز سے بڑی فتح حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔ میچ کے ہیرو روی چندرن اشون رہے۔ انہوں نے مشکل حالات میں پہلی اننگز میں ٹیم کے لیے 113 رنز کی شاندار اننگ کھیلی جبکہ دوسری اننگز میں 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جس کے لیے انہیں ’پلیئر آف دی میچ‘ کے ایوراڈ سے نوازا گیا۔

مزید پڑھیں:شکیب الحسن کے بعد بنگلہ دیش کے ایک اور کھلاڑی پر مقدمہ درج

چنئی میں بنگلہ دیشی ٹیم کو ٹیسٹ میچ جیت کے لیے 515 رنز کا مجموعی ہدف ملا تھا۔ لیکن مخالف ٹیم کے بلے باز دوسری اننگز میں محض 234 رنز پر ڈھیر ہو گئے۔ بنگلہ دیشی ٹیم کے کپتان نظم الحسین شانتو نے 127 گیندوں پر 82 رنز کی شاندار نصف سینچری اسکور کی لیکن وہ بھی اپنی ٹیم کو شکست سے نہیں بچا سکے۔ شانتو کے علاوہ کوئی بھی بلے باز اچھی کارکردگی نہیں دکھا سکا۔

بھارت کے لیے دوسری اننگز میں تجربہ کار اسپنر روی چندرن اشون نے سب سے زیادہ 6 وکٹیں حاصل کیں۔ ان کے علاوہ پہلی اننگز میں 2 کامیابیاں حاصل کرنے والے جدیجہ نے بھی دوسری اننگز میں 3 وکٹیں حاصل کیں، ان 2 گیند بازوں کے علاوہ بھمراہ کو دوسری اننگز میں ایک کامیابی ملی۔

مزید پڑھیں:بنگلہ دیش سے بدترین شکست، وسیم اکرم بھی پھٹ پڑے

چنئی ٹیسٹ میں ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے روی چندرن اشون کی سینچری، رویندرا جدیجہ اور یشسوی جیسوال کی نصف سینچریوں کی بدولت پہلی اننگز میں 376 رنز بنائے تھے۔ جس کے جواب میں بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 149 رنز پر ہی سمٹ گئی تھی، جس کی وجہ سے بھارت کو 227 رنز کی برتری حاصل ہوگئی تھی۔

دوسری اننگز میں بھارت نے پنت اور گل کی سینچری کی بدولت 4 وکٹوں پر 287 رنز پر ڈکلیئر کر دی۔ جس کی وجہ سے بھارت نے بنگلہ دیش کو جیت کے لیے 515 رنز کا بڑا ہدف دیا اور میچ کے چوتھے دن بنگلہ دیش کو 234 رنز پر ڈھیر کرکے سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔

مزید پڑھیں:افغانستان اور نیوزی لینڈ کا واحد ٹیسٹ میچ بنا کھیلے ختم، نیا ریکارڈ قائم؟

یاد رہے کہ یہ وہی بنگلہ دیشی ٹیم ہے جس نے پاکستان جیسی بڑی ٹیم کو اس کے ہوم گراؤنڈ پر وائٹ واش کیا تھا جبکہ بھارت کے مدمقابل ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کے 2 سیشن چھوڑ کر خاص کارکردگی کا مظاہرہ نہیں کیا، جس کی وجہ سے انہیں چنئی ٹیسٹ میں 280 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp