یروشلم پوسٹ کا دھماکا خیز انکشاف، بانی پی ٹی آئی عمران خان اسرائیل کے ہم خیال اور حمایتی قرار

اتوار 22 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

یروشلم پوسٹ نے اسرائیل کے اخبار ٹائمز آف اسرائیل کے دعوؤں کی تصدیق کر دی۔ انکشاف کیا ہے کہ پی ٹی آئی کے بانی رہنما عمران خان اسرائیل کے حامی جبکہ فوج کے مخالف ہیں۔

یروشلم پوسٹ نے اپنے تازہ مضمون میں کہا ہے کہ سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسرائیل کے خلاف عوامی سطح پر سخت سیاسی بیان بازی کی لیکن اندر کھاتے اسرائیل کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ عمران خان اسرائیل کے لیے ہم خیال سیاست دان ہیں۔

مزید پڑھیں:عمران خان اسرائیلی برانڈ، پی ٹی آئی کو جلسوں کے بجائے ڈوب مرنا چاہیے، رانا ثنااللہ
مضمون میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی حالیہ انتخابات میں خاطر خواہ کامیابی پاکستان اسرائیل تعلقات کا از سر نو جائزہ لینے کا موقع فراہم کرتی ہے۔ پاکستان کی اسرائیل دوست خارجہ پالیسی کے اسٹریٹجک فوائد ہیں لیکن پاکستان کی فوجی اسٹیبلشمنٹ کی طرف سے مضبوط مزاحمت کا سامنا ہے۔

یروشلم پوسٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ فوجی اسٹیبلشمنٹ نے طویل عرصے سے اسرائیل کے ساتھ تعلقات کو معمول پر آنے سے روکا ہوا ہے۔ مسئلے کے حل کے لیے موجودہ سیاسی قیادت کو بدلنا ہوگا اور ایسے میں عمران خان کا کردار کلیدی ہوگا۔ عمران خان جیسی شخصیت عوامی رائے اور فوجی پالیسی دونوں کو تبدیل کرنے میں مرکزی کردار ادا کرسکتی ہیں۔

مضمون میں کہا گیا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی وائٹ ہاؤس میں واپسی پاکستان اسرائیل کے تعلقات کے عمل کو تیز کرسکتی ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ سفارتی اور معاشی فوائد کے ذریعے پاکستان جیسے ممالک کی حوصلہ افزائی کرسکتی ہے۔ عمران خان کے بڑھتے اثر و رسوخ اور اقتصادی بحران کے تناظر میں دیکھنا ہوگا کہ پاکستان کس حد تک اسرائیل کے خلاف اپنی روایتی دشمنی کو بدل سکتا ہے۔

مزید پڑھیں:جنرل باجوہ نے عمران خان سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کہا تھا، علی امین گنڈاپور

یروشلم پوسٹ نے مزید لکھا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے پاکستان کو اہم اقتصادی فوائد، بشمول زراعت، سائبر سیکیورٹی، دفاع اور ممکنہ مالی سرمایہ کاری حاصل ہوں گے۔ عمران خان اسرائیل کے حمایتی جبکہ اسٹیبلشمنٹ اور سیاسی قیادت کے مخالف ہیں۔

یروشلم پوسٹ کے دعوے آنکھیں کھول دینے والے ہیں، مریم اورنگزیب

اسرائیلی اخبار میں چھپنے والے مضمون پر ردعمل دیتے ہوئے پنجاب کی سینئر  وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ یروشلم پوسٹ نے عمران خان کو ہم خیال شخص قرار دیا، عمران خان اسرائیل سے معمول کے تعلقات چاہتے تھے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ یروشلم پوسٹ کے دعوے آنکھیں کھول دینے والے ہیں کیونکہ اس کے مضمون نے عمران خان کا دوغلاپن اور تضادات کا پہلو بے نقاب کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp