کاک پیٹ میں کوبرا کی موجودگی پر ہوائی جہاز کی ہنگامی لینڈنگ

جمعرات 6 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ساؤتھ افریقہ میں اندورن ملک پرواز کو اس وقت ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی جب پائلٹ کو پتا لگا ہے کہ کاک پیٹ میں کوبرا سانپ موجود ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق ساؤتھ افریقہ میں بلومفونٹین سے پریٹوریا جانے والی پرواز کے دوران پائلٹ روڈولف ایراسمس کو اپنی کمر پر ٹھنڈ کا احساس ہوا جسے انہوں نے پانی کی بوتل کا اثر سمجھا، تاہم اس وقت ان کے اوسان خطا ہوگئے جب انہیں پتا چلا کہ جسے وہ پانی کی بوتل سمجھ رہے تھے وہ کوبرا سانپ تھا جو ان کے اور سیٹ کے درمیان پھنس گیا تھا۔

یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب جہاز  گیارہ ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کر رہا تھا، پائلٹ روڈولف کی نظر کوبرا پر اس وقت پڑی جب کوبرا ان کی کمر کے پیچھے سے سیٹ کے نیچے کی جانب رینگ رہا تھا۔

پائلٹ روڈولف ایراسمس

پائلٹ روڈولف کے مطابق یہ ایسا دہلا دینے والا لمحہ تھا کہ مجھے ایک لمحے کے لیے سمجھ ہی نہیں آیا کہ کیا ہو رہا ہے۔ تاہم فوراً ہی حواس بحال ہونے پر روڈولف نے جہاز کی ہنگامی لینڈنگ کا فیصلہ کیا اور ساتھ ہی جہاز میں موجود مسافروں کو مطلع کیا کہ:

’ہوائی جہاز کے اندر سانپ ہے، یہ میری سیٹ کے نیچے ہے، تو آیے کوشش کریں اور جتنی جلدی ہو سکے زمین پر اتریں‘۔

اس اعلان کے ساتھ ہی مسافروں کو بھی جیسے سانپ سونگ گیا، جہاز میں اس قدر خاموشی چھا گئی کہ گھڑی کی ٹک ٹاک بھی سنی جا سکتی تھی۔

واضح رہے کہ کوبرا کا کاٹا جان لیوا ہوتا ہے، اس کا زہر صرف 30 منٹ میں کسی کی بھی جان لے سکتا ہے۔ علاوہ ازیں بروقت طبی امداد کی صورت میں رات بھر ہسپتال میں قیام کے ساتھ ساتھ زہر سے لڑنے کے لیے دوا کی ضرورت بھی ہوتی ہے۔

پائلٹ روڈولف کے مطابق  پائلٹس کو مختلف صورتحال سے نمٹنے کے لیے تربیت دی جاتی ہے، تاہم ان مختلف صورتوں میں کوئی بھی صورت ایسی نہیں ہوتی جس میں کاک پیٹ میں موجود سانپ سے نمٹنے کی تربیت شامل ہو۔

رپورٹ کے مطابق پائلٹ روڈولف کو جنوبی افریقہ کے سول ایوی ایشن کمشنر، پوپی کھوسہ کی جانب سے ہیرو قرار دیا گیا ہے، انہوں نے ان کی ’عظیم ایئر مین شپ‘ کی تعریف کی جس نے جہاز میں موجود تمام جانیں بچائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp