سابق گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد نے کہا ہے کہ حکومت کا آئینی ترامیم کا طریقہ کارمتنازع ہوگیا ہے، حکومت کو اپنی اخلاقی اور قانونی کمزوری کا ادراک کرنا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: سیاسی مسائل عدلیہ کی طرف دھکیلے جانے سے آئینی بحران جنم لے رہا ہے، ڈاکٹر عشرت العباد
ڈاکٹر عشرت العباد نے لانڈھی میں منعقدہ تقریب سے وڈیو لنک پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مضبوط ادارے ہماری قوم کی ترقی اوراستحکام کی بنیاد ہیں، حکومت کا آئینی ترامیم کا طریقہ کار متنازع ہوگیا ہے، انصاف نہ صرف ہونا چاہیے بلکہ دِکھائی بھی دینا چاہیے مزید یہ کہ حکومت کو اپنی اخلاقی اور قانونی کمزوری کا ادراک کرنا چاہیے۔
’آئی پی پی مالکان کے ساتھ پیشرفت مثبت قدم ہے‘
سابق گورنر سندھ نے کہا کہ صرف اچھی حکمرانی سےعوام کا اعتماد بحال ہوسکتا ہے، خود احتسابی کے بغیر اصلاحات میں حقیقی ترقی ممکن نہیں، عوام مہنگی بجلی، لوڈ شیڈنگ اور جرائم سے پریشان ہیں اس لیے عوامی ریلیف حکومت کی ترجیع ہونی چاہیے،آئی پی پی مالکان کے ساتھ پیشرفت مثبت قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سابق گورنر سندھ عشرت العباد کو پارٹی بنانے میں کن مشکلات کا سامنا ہے؟
ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کراچی میں حالیہ لوڈ شیڈنگ پر متعلقہ اسٹیک ہولڈرزسے بات کی ہے۔
’پارٹی کی تنظیم سازی کے بعد وطن واپس آئیں گے‘
انہوں نے ایک بار پھر وطن واپسی کا اعلان کیا اور کہا کہ نوجوان نسل کی صلاحیتوں کوپروان چڑھانے سے نئی قیادت ابھرتی ہے، ان کی سیاسی پارٹی ’میری پہچان پاکستان‘ کا مقصد روشن خیالات کے ساتھ نئی قیادت دریافت کرنا ہے، جلد ہی پارٹی کی تنظیم کا اعلان کیا جائے گا جس کے بعد وہ پاکستان واپس آئیں گے۔