آئی سی سی ویمن ٹی20 ورلڈکپ میں شرکت کے لیے کپتان فاطمہ ثنا کی قیادت میں قومی ویمن کرکٹ ٹیم لاہور سے دبئی روانہ ہوگئی۔
پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ سے پہلے 2 وارم اپ میچز کھیلے گی۔ قومی ویمن ٹیم پہلا وارم میچ 28 ستمبر کو اسکاٹ لینڈ جبکہ دوسرا وارم اپ میچ 30 ستمبر کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ویمن ٹیم کی ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پہلی کامیابی
قومی ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ کا افتتاحی میچ 3 اکتوبر کو سری لنکا، دوسرا میچ 6 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت، تیسرا میچ 11 اکتوبر کو آسٹریلیا اور چوتھا میچ 14 اکتوبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ویمن ٹیم کی تمام کھلاڑی باصلاحیت ہیں، امید ہے ٹیم ٹی20 ورلڈ کپ میں اچھی کارکردگی دکھائے گی۔
یہ بھی پڑھیں: قومی ویمن ٹیم کی کھلاڑی عالیہ ریاض نے منگنی کر لی، تصاویر وائرل
قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثنا نے دبئی روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کا مورال بلند ہے، ٹیم اچھی کرکٹ کھیلے گی، ورلڈ کپ میں بھرپور صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے۔