ارکان قومی اسمبلی کو اٹھانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے، بیرسٹر گوہر خان

پیر 23 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ زبردستی ووٹ لینے کے لیے ارکان قومی اسمبلی کو اٹھانے کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: راستہ نہیں نکالا تو ملک تباہ ہو جائے گا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سختیاں ختم کرنا ہوں گی، ایک دوسرے کے گریبانوں سے ہاتھوں نکالنے ہوں گے، ایک سمت میں جانا ہوگا، خودمختاری اور امن یقینی بنانا ہوگا، اگر آپ ایسا نہیں کریں گے اور ایک 70 فیصد عوامی حمایت والی سیاسی جماعت کو جگہ نہیں دیں گے، اس کے ارکان قومی اسمبلی سے ووٹ لینے کے لیے انہیں اٹھائیں گے تو آپ غیرسیاسی قوتوں کو اجازت دیں گے، اس عمل سے انتہاپسند عناصر کی حوصلہ افزائی ہوگی، اس لیے یہ ختم ہونا چاہیے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کو عدالت کی جانب سے ریلیف ملنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ عمران خان کو سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد مقدمات میں فائدہ ہورہا ہے لیکن بانی پی ٹی آئی نے کہا تھا کہ وہ یہ ذاتی فائدے کے لیے نہیں چاہ رہے بلکہ جو لوگ کرپشن میں ملوث ہیں ان کے خلاف مقدمات ہونے چاہئیں۔ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے خلاف کرپشن کا کوئی کیس نہیں، صرف اختیارات کے غلط استعمال کے مقدمات ہیں، ہم عدلیہ سے امید لگائے بیٹھے ہیں، یہ عدلیہ کا امتحان ہے، دیکھتے ہیں کہ وہ اس امتحان میں عوام کی امنگوں پر کس حد تک پورا اترتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp