سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کہتے ہیں پنجاب میں الیکشن کا شیڈول آچکا ہے حکومت میں ہمت ہے تو ججز کے خلاف ریفرنس لائے۔ ججز کے خلاف ریفرنس کی خواہش صرف مریم نواز کی ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مریم نواز اور نواز شریف ججز کے خلاف ریفرنس کے حامی ہیں مگر کابینہ اس سے مختلف رائے رکھتی ہے۔
’مریم نواز اور نواز شریف چاہتے ہیں کہ ریفرنس آئے کابینہ نہیں چاہتی۔ ساری قوم اس وقت سپریم کورٹ کے ساتھ کھڑی ہے۔‘
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قومی اسمبلی میں گذشتہ روز صرف پانچ ارکان موجود تھے اور حکومت قرارداد منظور کرنے جارہی تھی۔
ان کے مطابق اتحادی جماعتوں کی سیاسی مت ماری گئی ہے اور وہ عوام سے رجوع کرنے کے قابل نہیں۔ ’آپ سازشوں کو استعمال کریں اور ہم عوام کی طاقت کو۔‘
سابق وزیر داخلہ کے مطابق ملکی معاشی صورتحال میں غریب پر اس سے برا وقت نہیں آسکتا۔ ایک سال میں حکومت نے اپنی حماقتوں سے عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہی کیا ہے۔
’ملک میں الیکشن کی تیاریاں ہی اور صرف یہ فراری ہیں۔ 13 پارٹیوں میں سے 3 نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ ان کے پاس الیکشن لڑنے کے لیے امیدوار نہیں ہیں۔‘