چیمپیئنز ون ڈے کپ کے کوالیفائر 1 میں پینتھرز نے مارخورز کو 7 وکٹوں سے ہرا کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
فیصل آباد میں کھیلے گئے کوالیفائر 1 میں مارخورز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بھاری ثابت ہوا اور پوری ٹیم 137 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔
یہ بھی پڑھیں چیمپئنز ون ڈے کپ، ڈولفنز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لائنز کو شکست دیدی
مارخورز نے انتہائی مایوس کن آغاز کیا اور صرف 25 رنز پر 4 کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، حسیب اللہ 3 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، اس کے علاوہ فخر زمان 11، کامران غلام ایک اور محمد رضوان بغیر کوئی اسکور کیے آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد آغا سلمان اور افتخار احمد نے ٹیم کو سہارا دیا اور بالترتیب 52 اور 39 رنز بنائے لیکن پینتھرز کے بولرز کے سامنے وہ بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے، اور آؤٹ ہوگئے، اور یوں 36 اوورز میں پوری ٹیم پویلین لوٹ گئی۔
پینتھرز کی جانب سے صائم ایوب نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی،جبکہ محمد حسنین نے 3 وکٹیں لیں۔
جواب میں پینتھرز نے 138 رنز کا ہدف 24 ویں اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔ عثمان خان 54، عمر صدیق 35 اور صائم ایوب نے 33 رنز اسکور کیے۔
پینتھرز کی ٹیم نے اس کامیابی کے ساتھ ہی چیمپیئنز ون ڈے کپ کے فائنل میں جگہ بنا لی۔
یہ بھی پڑھیں چیمپیئنز ون ڈے کپ : پینتھرز نے اسٹالینز کو 20 رنز سے پچھاڑ دیا
ایونٹ میں اب بدھ کو ایلمینٹر 1 میں اسٹالینز اور لائنز کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، اور جیتنے والی ٹیم ایلمینٹر 2 میں مارخورز کا سامنا کرے گی۔