بانی چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) عمران خان نے علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلیشمنٹ سے رابطے ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے احتجاجی تحریک لیڈ کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ عمران خان نے کہا کہ اسٹبلشمنٹ سے بات چیت کا ٹاسک انہوں نے ہی دیا تھا اور اب اسٹبلیشمنٹ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔
منگل کو اڈیالہ جیل میں ملاقات کے دوران سابق وزیراعظم عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطے ختم کرنے کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔ ذرائع کے مطابق بانی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ اس وقت احتجاجی تحریک کے علاوہ کوئی دوسرا راستہ موجود نہیں ہے۔
مزید پڑھیں: عمران خان کا تمام پارٹی رہنماؤں کو اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ رابطہ ختم کرنے کی ہدایت
’خیبر پختونخوا حکومت ختم ہوتی ہے یا گورنر راج لگتا ہے، کشتیاں جلا کر آئینی ترمیم کے خلاف احتجاجی تحریک کو لیڈ کرنا ہے‘۔
ذرائع کے مطابق عمران خان نے وزیراعلیٰ علی امین کو واضح کردیا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا ٹاسک میں نے ہی دیا تھا اب اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ کسی قسم کی کوئی بات چیت نہیں کی جائے گی۔
’اسٹیبلشمنٹ نے ہمارے ساتھ دھوکا کیا ہے، اس کے بعد مذاکرات کے تمام راستے بند کردیے جائیں‘۔
یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کے دروازے بند کرنے کا اعلان
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کو ہر صورت راولپنڈی جلسے میں پہنچنے اور جمعرات اور جمعے کی احتجاجی ریلیوں کی تیاریوں کی ذمہ داری سونپ دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق سابق وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو راولپنڈی کے بعد لاہور میں دوبارہ جلسہ کرنے کا بھی ٹاسک دے دیا ہے۔ لاہور جلسے میں لائحہ عمل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔