امریکا، فرانس اور دیگر اتحادیوں کا لبنان میں 21 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ

جمعرات 26 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکا، فرانس اور دیگر اتحادی ممالک نے اسرائیل اور حزب اللہ کے درمیان 21 روزہ جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق، امریکا، فرانس اور دیگر ممالک کا مشترکہ بیان اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے نیویارک میں جاری اجلاس کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنان اسرائیل کی سرحد پر فوری طور پر 21 روزہ جنگ بندی کی جائے تاکہ سفارت کاری کے لیے موقع مل سکے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل کے لبنان پر حملوں میں 35 بچوں سمیت 492 افراد شہید

جن ممالک نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے ان میں امریکا اور فرانس کے علاوہ کینیڈا، آسٹریلیا، یورپی یونین، جرمنی، اٹلی، جاپان، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر شامل ہیں۔ جنگ بندی مطالبے کا مقصد کشیدگی میں کمی کے لیے مذاکرات کی راہ ہموار کرنا ہے۔

مشترکہ بیان میں اسرائیل اور لبنان کی حکومتوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فوری طور پر عارضی جنگ بندی کی توثیق کریں۔ اقوام متحدہ میں اسرائیلی مندوب ڈینی ڈینن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ان سب کے شکرگزار ہیں جو سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی کو ایک مکمل جنگ میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے مخلصانہ کوشش کررہے ہیں، ہم جنگ بندی اور لوگوں کی اپنے گھروں کی واپسی چاہتے ہیں۔ بعدازاں، سلامتی کونسل اجلاس میں اسرائیلی مندوب نے عارضی جنگ بندی کا ذکر نہ کیا بلکہ کہا کہ اسرائیل مکمل جنگ کا خواہش مند نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مشرق وسطیٰ میں جنگ نہیں چاہتے، اسرائیل تنازع میں شامل کرنے کے لیے اکسا رہا ہے، ایرانی صدر

لبنان کے وزیراعظم نجیب میکاتی نے جنگ بندی مطالبے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ جنگ بندی کا انحصار اس بات پر ہے کہ آیا اسرائیل عالمی قراردادوں پر عملدرآمد کرے گا یا نہیں۔ ادھر ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے واضح کیا ہے کہ ایران حزب اللہ کی حمایت جاری رکھے گا، اگر عالمی طاقتوں نے اپنا کرادار ادا نہ کیا تو اُن کا ملک زیادہ دیر تک تحمل کا مظاہرہ نہیں کرے گا۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جمعرات کو امریکا پہنچیں گے جہاں ان کی امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن سے ملاقات متوقع ہے۔ وہ جمعہ کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے۔ ایک اسرائیلی آفیشل کا کہنا ہے کہ نیتن یاہو نے حکام کو اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کی شرط کی بنیاد پر جنگ بندی معاہدے سے متعلق مذاکرات کرنے کا اشارہ دیا ہے۔

واضح رہے کہ اسرائیل اور حزب اللہ میں کشیدگی کے دوران لبنان پر حملوں میں حالیہ چند دنوں میں 600 سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور لاکھوں لوگ اپنے گھروں کو چھوڑ کر محفوظ علاقوں کا رخ کررہے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp