باپ بیٹے پر ڈاکوؤں کی فائرنگ، لوگ مدد کے بجائے پیسے لوٹتے رہے، ویڈیو وائرل

جمعرات 26 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں ڈکیتی مزاحمت پر ایک اور شہری کی جان چلی گئی۔ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پر والد جاں بحق اور بیٹا زخمی ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔

وائرل ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ عبدالمالک اپنے بیٹے کاشف کے ساتھ گاڑی میں سفر کررہے تھے کہ اسی وقت عقب سے 2 موٹر سائیکلوں پر 3 ملزمان پہنچے اور اسلحہ نکال کر لوٹنے کی کوشش کی، ملزمان کو دیکھتے ہی عبدالمالک نے رقم دور پھینک دی۔

سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مزاحمت پر ڈاکوؤں نے عبدالمالک پر فائرنگ کردی جس سے وہ جاں بحق ہوگیا۔ مقتول کے بیٹے نے موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں پر فائرنگ کی جس سے ایک ڈاکو زمین پر گر گیا  تاہم جب دیگر موٹر سائیکل سوار ڈاکو فرار ہونے لگے تو مقتول کے بیٹے نے پیچھا کیا جس پر ملزمان نے اسے بھی گولیاں ماریں جس سے وہ زمین پر گر گیا۔

لیکن اس دوران قریب موجود لوگوں نے زخمیوں کی مدد یا ڈاکوؤں کو پکڑنے کے بجائے پیسے اٹھانے شروع کردیے جس پر صارفین کی جانب سے شدید ردعمل دیا گیا۔ ایک صارف نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس تمام واقع میں بہت سے ڈاکو موجود تھے جس کو جہاں موقع ملا اس نے کام کر دکھایا اور ہاتھ صارف کر لیا۔

کاشف خان لکھتے ہیں کہ رنگ برنگے کپڑوں میں ملبوس موقع پرست ڈاکو ہتھیار والے ڈاکوؤں سے زیادہ تیز نکلے۔

احمد عمیر نامی ایکس صارف نے لکھا کہ عوام نے اس موقع پر جو کچھ کیا اسے بے حسی نہیں بلکہ ڈکیتی کہتے ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ اس ملک میں سب ڈاکو اور لٹیرے ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp