لاہور کی مقامی عدالت نے ٹک ٹاکر ندیم مبارک عرف ندیم نانی والاکو مبینہ غیرقانونی نمبر پلیٹ استعمال کرنے کے کیس سے ڈسچارج کرتے ہوئے ملزم کو رہا کرنے کا حکم دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 804 کی جعلی نمبر پلیٹ لگانے پر ٹک ٹاکر ندیم نانی والا گرفتار
کینٹ کچہری لاہور میں ٹک ٹاکر ندیم مبارک کی جانب سے مبینہ غیرقانونی نمبر پلیٹ استعمال کرنے کے کیس کی سماعت ہوئی، جہاں پولیس نے ملزم ندیم کے 14 روزہ عدالتی ریمانڈ کی استدعا کی، جسے عدالت نے مسترد کرتے ہوئے ندیم مبارک کو مقدمے سے ڈسچارج کردیا۔
عدالت نے ملزم ندیم مبارک کو رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزم کیخلاف کوئی ثبوت موجود نہیں، ملزم کیخلاف ریکوری کا بیان ریکارڈ پر موجود نہیں، تفتیشی افسر کی ملزم کو جیل بھجوانے کی استدعا مسترد کی جاتی ہے، گرفتار ملزم کو مقدمے سے ڈسچارج کیا جاتا ہے،ملزم کسی اور مقدمہ میں مطلوب نہیں تو فوری رہا کیا جائے۔
مزید پڑھیں: خاتون ٹک ٹاکر کو بیہوش کرکے نازیبا تصاویر بنانے اور وائرل کرنے والے مجرم کو 9 سال قید
لاہور کی ڈیفنس سی پولیس نے ٹک ٹاکر ندیم مبارک کیخلاف گاڑی پر ’آئی کے 804‘ کی جعلی نمبر پلیٹ لگانے پرانہیں گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیاتھا، ندیم مبارک کو ڈیفنس کے مین بلیوارڈ کے قریب ناکے پر چیکنگ کے دوران جعلی نمبر پلیٹ کے ساتھ گاڑی چلاتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا۔