پاکستان کا معروف ڈرامہ ’سب سیٹ ہے‘ بنانے کا خیال کیوں اور کیسے آیا؟

جمعرات 6 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ماضی کا معروف پاکستان ڈرامہ سیریل ’سب سیٹ ہے‘ کے ہدایت کار اور مرکزی اداکار اظفر علی کا کہنا ہے کہ انہوں نے بالی ووڈ فلم جو جیتا وہی سکندر اور سائن فیلڈ (امریکا کا مزاحیہ ڈرامہ) سے متاثر ہوکر یہ ڈرامہ بنایا۔

اظفر علی نے حال ہی میں دیے جانے والے ایک انٹر ویو میں ماضی کے مشہور ڈرامہ ’سب سیٹ ہے‘ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے بالی ووڈ فلم ’جو جیتا وہی سکندر‘ اور سائن فیلڈ (امریکا کا مزاحیہ ڈرامہ) سے متاثر ہو کر ڈرامہ بنایا۔

اسی حوالے سے انہوں نے مزید بتایا کہ ’ایک دن ہم سب دوست بیٹھ کر ٹی وی دیکھ رہے تھے، ڈرامہ کے ایک سین میں لڑکا کہتا ہے:

اور والد صاحب کیسے ہیں ارشاد؟

ارشاد: بالکل ٹھیک، تمہاری والدہ کیسی ہیں؟

یہ سن کر ہم سب نے سوچا کہ ہم میں سے تو کوئی اس طرح بات ہی نہیں کرتا۔ عام طور پر تو یوں کہا جاتا ہے:

یار اماں ٹھیک ہے؟ ابا کیسا ہے؟

اظفر علی نے بتایا کہ وہ سوچتے تھے کہ ’یہ کس طرح کی زبان استعمال ہوتی ہے، اس کو کیوں نہیں تبدیل کرتے؟ اسی چکر میں ہم نے ایک تجربہ کیا‘۔

اظفر علی نے بتایا کہ انہوں نے ڈرامہ ’سب سیٹ ہے‘ کی صرف 51 قسطیں بنائی تھیں اور یہ ڈرامہ انڈس ٹی وی 7 سال چلتا رہا۔

اظفر علی کا کہنا تھا کہ انہوں نے ٹی وی کے مالک سے پوچھا کہا کہ آپ یہ ڈرامہ بار بار کیوں چلا رہے ہیں، یہ اتنا بھی اچھا نہیں تھا، اس پر ٹی وی کے مالک نے کہا کہ ‘مذاق کسی بھی وقت کیا جا سکتا ہے اور ہمارے پاس ہمارے معاشرے کے حوالے سے یہ ایک اچھا کامیڈی ڈرامہ ہے اور اگر آج بھی اسے دیکھا جائے تو یہ معاشرے سے آج بھی مطابقت رکھتا ہے‘۔

اظفر علی نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ سب سیٹ ہے کو بنانے کے لیے انہوں نے پاکستانی ڈراموں سے بھی مدد لی۔ انہوں نے کہا کہ ’پی ٹی وی پر 80 کی دہائی میں آنے والے ڈرامے ’کوشش‘ اور ڈرامہ سیریل ‘تنہائیاں’ کی کچھ چیزیں مجھے یاد رہ گئی تھیں اور اسی طرح بالی ووڈ فلم ’جو جیتا وہی سکندر‘ فلم سے بھی میں بہت متاثر ہوا‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’ بچپن میں ڈراموں کی جن چیزوں سے متاثر ہوتا تھا وہ میرے کام میں ہمیشہ نظر آتی ہیں‘۔

واضح رہے کہ مزاح سے بھرپور ڈرامہ ’سب سیٹ ہے‘ میں اظفر علی، عدنان شاہ ، سلمیٰ حسن، مانی (سلمان ثاقب) اور ٹیپو نے مرکزی کردار نبھائے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp