پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سے کسی قسم کے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران جب صحافی نے ان سے پوچھا کہ رؤف حسن کے مطابق اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات پارٹی پالیسی ہے، تو انہوں نے کہاکہ ان کو غلط فہمی ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں گینگ آف تھری کی توسیع کے سبب سارا ملک داؤ پر لگ چکا، عمران خان
عمران خان نے کہاکہ میں 8 ستمبر کے جلسے کے بعد واضح کرچکا ہوں کہ ہم کسی سے کوئی مذاکرات نہیں کریں گے، کیونکہ اسٹیبلشمنٹ کے لوگ رائٹ دکھا کر لیفٹ مارتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میں نے علی امین گنڈاپور سمیت تمام لیڈر شپ کو ہدایات دی ہیں کہ اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات کا کوئی فائدہ نہیں۔
انہوں نے کہاکہ 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسہ نہیں احتجاج کریں گے، ہم ہائی لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ سے درخواست واپس لے رہے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ ہمیں معلوم ہے انہوں نے جلسے کی اجازت نہیں دینی،اگر دیں گے بھی تو شہر سے باہر دیں گے، اس لیے ہم احتجاج کی طرف جائیں گے۔ ہمارے وکلا کل سپریم کورٹ کے باہر بھی احتجاج کریں گے۔
یہ بھی پڑھیں عمران خان کی سالگرہ پر 5 اکتوبر کو مینار پاکستان پر جلسے کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی نے درخواست دیدی
واضح رہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے 28 ستمبر کو راولپنڈی میں جلسے کا اعلان کیا تھا، جبکہ پی ٹی آئی نے 5 اکتوبر کو مینار پاکستان لاہور میں جلسے کی اجازت بھی مانگ رکھی ہے۔
’ان کا خیال تھا کہ میں ٹوٹ جاؤں گا‘
عمران خان نے کہاکہ اڈیالہ جیل میں آج میرا ایک سال پورا ہوگیا ہے، ان کا خیال تھا ٹوٹ جائے گا، چکی میں نہیں رہ سکے گا، لیکن میں 21 سے 22 گھنٹے چکی میں رہتا ہوں۔
بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ ادارے اور اخلاقیات جب تک تباہ نہیں ہوتے ملک تباہ نہیں ہوتے، ایکسٹینشن مافیا ناجائز توسیع لینا چاہتا ہے، گینگ آف تھری مافیا اپنی توسیع کے لیے ملک کے مستقبل کو تباہ کررہا ہے۔
’ہمارے ساتھ فلسطینیوں جیسا سلوک کیا جارہا ہے‘
انہوں نے کہاکہ مغربی طاقتیں فلسطین میں سیز فائر اس لیے نہیں کروا رہی تاکہ فلسطینیوں کو پہلے کرش کیا جا سکے، یہ لوگ بھی ہمیں پہلے کرش کرنا چاہتے ہیں۔
عمران خان نے کہاکہ جسٹس منصور علی شاہ سے میری کوئی جان پہچان نہیں، ایک ماہ رہ گیا ہے، سپریم کورٹ کے سینیئر ترین جج منصور علی شاہ کی بطور چیف جسٹس تقرری کا اعلان ہوجانا چاہیے، کیونکہ قاضی فائز عیسیٰ کی تقرری کا بھی پہلے اعلان کیا گیا تھا۔