ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، وزیرداخلہ سندھ

جمعرات 26 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر داخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا ہے کہ عمرکوٹ میں ڈاکٹر شاہنواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، ریاست خود اس قتل کی ایف آئی آر درج کروائے گی۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیرداخلہ سندھ ضیا لنجار نے کہا کہ آرٹیکل 9 کے مطابق ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم عوام کو تحفظ فراہم کریں، ڈاکٹر شاہنواز کے قتل کی 6 ایف آئی آر درج ہیں، پولیس افسران اس قتل میں ملوث ہیں جن کے خلاف ایف آئی آر کاٹی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: شاہنواز کا قتل اور نفرت کے پھیلتے سائے

ضیا لنجار نے کہا کہ ڈاکٹرشاہنواز کو جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا، اس حوالے سے وزیراعلیٰ سندھ کو بھی بریفنگ دی گئی ہے، متاثرین جسے ذمہ دار قرار دیں گے اس کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی، اس قتل کی ساتویں ایف آئی آر درج کی جائے گی اور اگر مقتول کی فیملی ایف آئی آر درج نہیں کروائے گی تو ریاست ایف آئی آر درج کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ میرپور خاص کے نئے ڈی آئی جی زبیر دریشک انکوائری کمیٹی کے سربراہ ہوں گے، ان کے ساتھ 2 ایس ایس پیز ہوں گے، ایس ایس پی عمر کوٹ اور ایس ایس پی شہید بینظیرآباد کمیٹی کے ممبر ہوں گے جو تمام ایف آئی آرز کی تحقیقات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور میں تہرے قتل کی واردات، ملزمان نے کمسن بچہ بھی نہیں چھوڑا

صوبائی وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ اگر کوئی مظلوم ہوتو اسے تحفظ فراہم کرے اور اس کے خاندان کو سہولیات دے، اس بات کی تحقیقات ابھی جاری ہیں کہ ڈاکٹر شاہنواز معصوم تھے یا قصوروار تھے، واقعے میں ملوث دو پولیس افسران معطل کردیے گئے ہیں۔

خیال رہے کہ 20 ستمبر 2024 کو سندھ کے علاقے عمر کوٹ میں پولیس نے توہین مذہب کے الزام کا سامنا کرنے والے ایک ڈاکٹر کو مبینہ پولیس مقابلے میں مارنے کا دعویٰ کیا تھا، یہ ایک ہفتے کے دوران اس نوعیت کے ماورائے عدالت کا دوسرا واقعہ تھا، جس کی انسانی حقوق کے گروپوں نے شدید مذمت کی تھی۔

پولیس نے مقتول کی شناخت ڈاکٹر شاہنواز کے نام سے کی، جو مارے جانے سے 2 روز قبل مبینہ طور پر توہین مذہب کے الزام کے بعد روپوش ہو گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp