خیبرپختونخوا: صوابی میں تھانے کے اندر زور دار دھماکا، ایک شخص جاں بحق

جمعرات 26 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا کے ضلع صوابی میں ایک تھانے کے اندر گرج دار دھماکا ہوا ہے، جس کے باعث ایک شخص جاں بحق اور 23 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق دھماکا تھانہ صوابی سٹی کے مال خانے میں ہوا، جس کے نتیجے میں ڈیوٹی دینے والے اہلکاروں سمیت 23 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں شمالی وزیرستان میں دھماکا، 4 افراد جاں بحق

دوسری جانب باچا خان میڈیکل کمپلیکس میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، اور زخمیوں کا علاج معالجہ جاری ہے۔ اسپتال ڈائریکٹر نے بتایا کہ اسپتال انتظامیہ زخمیوں کو علاج کی فراہمی کی نگرانی کررہی ہے۔

’پولیس اسٹیشن کے اسلحہ ایمونیشن کمرے میں دھماکا ہوا‘

پولیس کے مطابق پولیس اسٹیشن کے اسلحہ ایمونیشن کمرے میں دھماکا ہوا، اور ابتدائی طور پر یہ لگ رہا ہے کہ دھماکا شارٹ سرکٹ کے باعث ہوا۔

پولیس نے بتایا کہ دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی تھی جس پر قابو پا لیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ کے پی کا نوٹس، رپورٹ طلب کرلی

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے آئی جی اور چیف سیکریٹری کو فوری طور پر دھماکے کی جگہ پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ دھماکے کی نوعیت کا تعین کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔ انہوں نے متعلقہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کو فوری طور پر ریسکیو کارروائیاں شروع کرنے کی ہدایت بھی کی۔

یہ بھی پڑھیں کوئٹہ میں دہشتگردی کے 2 واقعات، ماں بیٹا جاں بحق، پولیس اہلکار سمیت 12 افراد زخمی

 وزیر اعلی نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اور کہاکہ زخمیوں کو بروقت طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp