انسدادِ دہشتگردی عدالت پشاور نے 9 مئی مقدمات میں نامزد پی ٹی آئی کے کارکنان سمیت 18 ملزمان کو عدم ثبوت پر بری کردیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 9 مئی ہنگامہ آرائی: گرفتار نہ کرنے کے عدالتی حکم کے بعد پی ٹی آئی کے روپوش رہنما سامنے آگئے
انسدادِ دہشتگردی عدالت کے جج محمد اقبال خان نے 9 مئی مقدمات میں نامزد 18 ملزمان کی درخواستوں پر سماعت کی، عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد پی ٹی آئی کے 18 کارکنوں کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کرتے ہوئے رہائی کا حکم دیا ہے۔
استغاثہ کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ملزمان نے 9 مئی کو توڑ پھوڑ اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا تھا، ملزمان نے طورخم شاہراہ کو بند کرکے نجی اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچایا اور احتجاج کے دوران اینٹی نارکوٹکس فورس کے گاڑی کو نقصان پہنچایا تھا۔
مزید پڑھیں:سانحہ 9 مئی: کون سے رہنما اب تک جیل میں ہیں؟
تھانہ لنڈی کوتل میں درج ایف آئی آر میں 18 ملزمان کو مقدمے نامزد کرتے ہوئے ٹرائل شروع کیا گیا، تاہم عدالت کے مطابق دوران سماعت استغاثہ ملزمان کے خلاف جرم ثابت کرنے میں ناکام رہا، عدالت نے تمام ملزمان کو جرم ثابت نہ ہونے پر بری کردیا۔