’امید ہار چکا تھا‘، فلمی کیریئر سے قبل پیش آنے والی مشکلات سے امیتابھ بچن نے پردہ اٹھادیا

جمعہ 27 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کون بنے گا کروڑ پتی کی تازہ ترین قسط میں بالی ووڈ کے بڑے ستارے امیتابھ بچن نے فلمی کیریئر سے قبل پیش آنے والی مشکلات کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ان کو نوکری کی تلاش میں بہت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

کے بی سی کے میزبان امیتابھ بچن نے مہمان رشی سے ان کی تعلیم کے بارے میں سوال کیا، جس پر رشی نے انکشاف کیا کہ انہوں نے انجینئرنگ میں بی ٹیک مکمل کیا ہے اور فی الحال نوکری کی تلاش میں ہیں۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی نصرت فتح علی خان اور امیتابھ بچن کے ساتھ پرانی ویڈیو وائرل

ان کے اس جواب پر امیتابھ بچن نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ جناب آج کل انجینئرز کو بھی نوکریاں نہیں ملتیں؟ وہ بولے جب آپ جانتے تھے کہ نوکریاں نہیں ہیں، تو آپ نے اس کا مطالعہ کیوں کیا؟

انہوں نے مزید کہا کہ کالج ختم کرنے کے بعد ان کی بھی یہی حالت تھی، کیونکہ وہ نہیں جانتے تھے کہ مستقبل میں کیا ہوگا، بی ایس سی کی ڈگری حاصل کی اور چھوڑ چھاڑ کے کسی اور ہی طرف نکل آئے، ’نہ بی ایس سی دیکھا نہ ٹی ایس سی دیکھا‘۔

یہ بھی پڑھیں: ’کون بنے گا کروڑ پتی‘: امیتابھ بچن ایک قسط کا کتنا معاوضہ لے رہے ہیں؟

امیتابھ بچن نے کہا کہ آج تک ان کو معلوم نہیں ہے کہ انہوں نے پڑھا کیا تھا، بس یہ معلوم ہے کہ بی ایس سی کی ہے، کیونکہ نوکری نہیں کی اور کسی اور ہی دنیا میں چلا آیا اس لیے اب یاد ہی نہیں کہ پڑھا کیا تھا۔

واضح رہے اس سے قبل بھی امیتابھ بچن اپنی ابتدائی زندگی کی مشکلات کے بارے میں اپنے مداحوں کو بتا چکے ہیں کہ کیسے وہ کم پیسوں میں زندگی گزار رہے تھے، ان کی ابتدائی نوکری ایک برطانوی کمپنی کے ساتھ تھی جہاں ان کو ماہانہ 1ہزار640 روپے ملتے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp