خیبر پختونخوا میں کرپشن کا بازار گرم ہے، لوٹ مار پر وزرا لڑ رہے ہیں، انجینیئر امیر مقام

اتوار 29 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیربرائے سیفران انجینیئر امیر مقام نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا مسائلستان بن گیا ہے حالات دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے، پورے صوبے میں کرپشن اور لوٹ مار چل رہی ہے، لوٹ مار میں حصے پر وزرا آپس میں لڑ رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:مریم نواز کی کارکردگی حیران کن، کے پی میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں ہورہا، امیر مقام

اتوار کو اپنے ایک خطاب میں انجینیئر امیر مقام نے کہا کہ خیبر پختونخوا کا نقصان پورے ملک کا نقصان ہے، یہاں اتنے مسائل ہیں کہ پورا صوبہ غیر یقینی کی صورت حال سے دو چار ہے، دہشتگردی اور لاقانونیت کا یہ حال ہے کہ جنوبی اضلاع میں کوئی شام کے بعد گھر سے باہر نہیں نکل سکتا۔ تھانوں، پولیس وین اور سفیروں کے قافلوں پر حملے ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے قرضوں میں ہر روز اضافہ ہوتا جا رہا ہے، صوبے میں امن و امان کی صورتحال ٹھیک نہیں، وزیر اعلیٰ کے اپنے اور دیگر اضلاع میں سیکیورٹی کی صورت حال انتہائی مخدوش ہے، لوگ گھروں سے باہر نکلتے ہوئے ڈرتے ہیں۔

مزید پڑھیں:مریم نواز کی کارکردگی حیران کن، کے پی میں کرپشن کے سوا کچھ نہیں ہورہا، امیر مقام

انہوں نے کہا کہ 18 ویں ترمیم کے بعد بہت سے اختیارات صوبوں کو دیے گئے لیکن خیبر پختونخوا میں اس کے کوئی خاطر خواہ نتائج سامنے نہیں آئے، خیبر پختونخوا میں کرپشن اور لوٹ مار چل رہی ہے، کرپشن اور لوٹ مار میں حصے پر وزرا آپس میں لڑ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صوبے کے اسپتالوں میں ادویات اور سہولیات موجود نہیں ہیں، کے پی کے میں تعلیم کے حالات بھی اچھے نہیں، اسکولوں میں اساتذہ تک موجود نہیں ہیں، یونیورسٹیوں اور کالجوں میں وائس چانسلرز کے مسائل ہیں۔اس وقت خیبر پختونخوا کے حالات دیکھ کر دکھ ہوتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp