لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گل کی جانب سے اپنے اوپر درج تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے شہباز گل کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب ستار ساحل نے مقدمات کی تفصیلات پر مشتمل رپورٹ عدالت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز گل کسی بھی نئے مقدمے میں پولیس کو مطلوب نہیں ہیں۔
ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت کو بتایا کہ شہباز گل کے خلاف پرانے پانچ مقدمات درج ہیں جن میں سے ایک مقدمہ خارج ہوگیا ہے جبکہ چار مقدمات میں شہباز گل ضمانت پر ہیں۔ شہباز گل پر کوئی نیا مقدمہ درج نہیں کیا گیا۔
دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل اے ڈی نسیم نے بھی اپنی رپورٹ عدالت پیش کرتے ہوئے بتایا کہ شہباز گل کا نام اسلام آباد میں درج مقدمے میں ای سی ایل پر موجود ہے جس پر شہباز گل کے وکیل احمد پنسوٹا نے بتایا کہ فل بینچ نے شہباز گل کو ایک بار بیرون ملک جانے کی اجازت دی ہے۔
شہباز گل کے وکیل نے بتایا کہ ان کے موکل کے ایئر پورٹ پہنچے تو وہاں پر پہلے سے ہی پانچ مختلف تھانوں کی پولیس وہاں موجود تھی اور خدشہ ہے کہ کوئی خفیہ مقدمہ درج ہے جس میں گرفتاری ہوسکتی ہے۔ عدالت شہباز گل کو گھر سے ایئر پورٹ تک محفوظ راستہ فراہم کرنے اور تمام مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے۔
بعد ازاں عدالت نے تمام فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔