قومی ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز کے لیے کھلاڑیوں نے اچھی پریکٹس کی ہے، ٹیسٹ سیریز میں بہتر کارکردگی دکھانے کی کوشش کریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کھلاڑیوں کو کم بیک کرنا اور بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کی غلطیوں سے سیکھنا ہوگا۔
کراچی میں پریس کانفرنس میں ان کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے خلاف جو نتیجہ چاہتے تھے وہ نہیں آیا، تمام لڑکوں کو خراب کارکردگی کا دکھ ہے۔ کامیابی کے لیے کھلاڑیوں کو مسلسل مواقع فراہم کرنا پڑے گے۔ خرم شہزاد ٹیم کا اہم جزو ہیں اور بدقسمتی سے وہ انجری کا شکار ہوگئے۔ ٹیسٹ کرکٹ میں کارکردگی دکھانے کے لیے متواتر میچز درکار ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں:بابر اعظم اور شان مسعود کا ایک ساتھ سفر، ویڈیو وائرل
ٹیسٹ کپتان کا کہنا تھا کہ پہلے ٹیسٹ کے لیے ٹیم کا اعلان کیا ہے لیکن ہمیں ملتان کی کنڈیشنز کا اندازا نہیں، ہماری کوشش ہو گی پہلے ٹیسٹ میں اچھا آغاز کریں۔ جب پاکستان ہارتا ہے تو کبھی بھی اچھا نہیں لگتا، بنگلہ دیش اور آسٹریلیا کے خلاف سیریز میں اچھا آغاز نہیں ہوا، آسٹریلیا سے کھیل کر آنے کے بعد ہم نے بہت ساری ایسی چیزیں دیکھی جو ہمیں مثبت لگیں لیکن ہمیں بنگلہ دیش کے خلاف سیریز میں نتیجہ کے طور پر وہ چیزیں دیکھنے کو نہیں ملیں۔
شان مسعود کا کہنا تھا کہ ہمیں غلطیوں سے سیکھنا ہوگا، ٹیسٹ کرکٹ جسمانی اور ذہنی طور پر مضبوط رہنے کی ڈیمانڈ کرتی ہے، ہمیں ان چیزوں کو بطور ٹیم بہتر کرنا ہوگا۔ بنگلادیش کے خلاف ٹیم میں اتحاد کے حوالے سے کوئی مسائل نظر نہیں آئے۔ ہمیشہ کوشش ہوتی ہے کہ ڈریسنگ روم میں بہتر ماحول رکھا جائے۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کے خلاف بدترین شکست کے بعد پاکستانی کپتان شان مسعود کا اہم بیان
ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان مستقل ٹیم کا حصہ ہیں لیکن شارٹ ٹرم میں سرفراز احمد بہترین متبادل ہیں، سرفراز احمد کی پاکستان میں ٹیسٹ کرکٹ میں کافی پرفارمنس ہے، وہ اپنی گزشتہ کارکردگی کی وجہ سے ٹیم کا حصہ ہیں، ٹیسٹ میچز میں نئے وکٹ کیپر کو فوری میدان میں نہیں اتارا جا سکتا، نوجوان وکٹ کیپرز اور اوپنرز کے ساتھ مستقبل کی پلاننگ کو نظر میں رکھ کر کوچز کام کررہے ہیں۔
ٹیسٹ کپتان نے کہا کہ بابراعظم دنیا کے نمبر ون اور بہترین بلے باز ہیں، کھلاڑیوں کو پورا موقع دینا چاہتے ہیں، کامران غلام، صائم ایوب سمیت سب کو پرفارمنس دکھانے کا موقع ملے گا۔ کھلاڑی کو بیک کرنے میں اگر ان کی جگہ بھی چلی جائے تو انہیں اس بات کا دکھ نہیں ہوگا، ایمانداری اور انصاف سے فیصلہ کروں گا تو سکون سے رہوں گا اور سو سکوں گا۔ انگلینڈکےخلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرکے گزشتہ کارکردگی کا ازالہ کرنےکا اچھا موقع ہے۔
مزید پڑھیں:بنگلہ دیش کے خلاف شان مسعود کی وکٹ تنازعہ کا شکار بن گئی
ٹیم بنانے کے لیے لڑکوں کو سپورٹ کرنا ہوگا، کھلاڑیوں کو سپورٹ کرنا بہت اہم ہے۔ ٹیم میں مستقل مزاجی دکھانا پڑتی ہے۔ کوشش کریں گے کہ انگلینڈ ٹیسٹ سیریز کے یاد گار نتائج سامنے آئیں۔ بنگلہ دیش کے خلاف ہار کا کھلاڑیوں کو بہت افسوس ہے۔ انگلینڈ کے خلاف اچھی کرکٹ کھلیں گے، کھلاڑیوں نے کافی محنت کی ہے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز کا وقت پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے۔