’عمران خان نے دوبارہ نکاح پڑھوانے کے لیے مفتی سعید سے خود رابطہ کیا‘

جمعرات 6 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

سابق وزیراعظم عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے نکاح پر مختلف قیاس آرائیاں جاری ہیں اور اس ضمن میں اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ایک کیس بھی دائر کیا جا چکا ہے۔ نکاح خواں مفتی محمد سعید کے بیان کے بعد اب عدالت میں درخواست گزار محمد حنیف کا بیان بھی سامنے آ گیا ہے۔

محمد حنیف کا کہنا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کے نکاح خواں مفتی محمد سعید ان کے دوست ہیں جنہوں نے خود انہیں اس ’غیر قانونی‘ نکاح کے حوالے سے بتایا۔

 

عمران خان کی شخصیت کے دو مختلف پہلو

اپنے بیان میں درخواست گزار نے بتایا کہ عمران خان کی شخصیت کے اچھے اور برے دونوں پہلو ہیں۔ ورلڈ کپ کی فتح، شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی کا قیام عمران خان کے اچھے پہلوؤں میں شامل ہے جبکہ نشہ ، جلد غصہ اور پلے بوائے ہونا ان کی بری عادات کا حصہ ہیں۔

 

بشریٰ بی بی عمران خان کی روحانی استاد

محمد حنیف کا کہنا تھا کہ بشریٰ بی بی نے بغیر کسی وجہ کے سابقہ شوہر سے طلاق لے کر عمران خان سے شادی کی اور وہ اپنے نئے شوہر کی روحانی استاد بھی تھیں۔ سوشل میڈیا پر ویڈیو دیکھی جس میں مفتی محمد سعید نے کہا کہ دونوں کا نکاح دوران عدت ہوا پھر بعد میں مفتی محمد سعید نے اپنی رہائش گاہ پر ملاقات کے دوران عمران خان کے نکاح کی تفصیل بتائی۔

عدت کی بات چھپائی گئی

درخواست گزار کا عدالت میں جمع کرائے گئے بیان میں یہ بھی کہنا ہے کہ مفتی محمد سعید کے مطابق دوستی ہونے کے ناطے یکم جنوری 2018ء کو عمران خان نے انہیں نکاح کے سلسلے میں لاہور جانے کا کہا۔ ’مفتی محمد سعید نے بتایا کہ دونوں کے رفقاء نے طلاق اور نکاح کے بارے میں بتایا کہ شریعت کے مطابق ہے لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح غیر شرعی تھا، عدت کی بات چھپائی گئی اور دونوں بنی گالہ میں ساتھ ہی رہ رہے تھے۔‘

عمران خان نے خود رابطہ کرکے دوبارہ نکاح پڑھانے کا کہا

محمد حنیف کا کہنا ہے کہ مفتی محمد سعید نے یہ بھی بتایا کہ عمران خان نے ان سے رابطہ کیا اور دوبارہ نکاح پڑھانے کا کہا۔ عمران خان نے مفتی سعید سے گفتگو کے دوران تسلیم کیا تھا کہ بشریٰ بی بی کو نومبر 2017ء میں طلاق ہوئی تھی اور نکاح عدت میں پڑھایا گیا تھا۔

عدالت سے سخت کارروائی کی استدعا

درخواست گزار نے عدالت سے سخت کارروائی کی استدعا کی کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی دونوں ایک دوسرے کو سنہ 2015 سے جانتے تھے اور وہ اسلامی تعلیمات سے بھی بخوبی واقف تھے لیکن پھر بھی جان بوجھ کر غیر شرعی نکاح کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp