جماعت اسلامی پاکستان کے وفد کی پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر سے ملاقات ختم ہوگئی، جس میں اتفاق کیا گیا ہے کہ 7 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہونے والے غزہ ملین مارچ میں دونوں جماعتیں اکٹھے شرکت کریں گی۔
ملاقات کے بعد گفتگو کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ تمام تر اختلافات سے بالاتر ہوکر فلسطین کے لیے ہمیں ایک ہونا ہے، کیونکہ اب اسرائیل مزید آگے بڑھ رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں ’سیو غزہ مارچ‘ کرنے پر جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد اسلام آباد سے گرفتار
انہوں نے کہاکہ اسرائیل اب بدمست ہاتھی کی طرح یمن اور لبنان پر چڑھائی کررہا ہے، ایسی صورتحال میں خاموش رہنا بھی ظلم ہے۔
حافظ نعیم الرحمان نے کہاکہ جماعت اسلامی نے اس پورے عرصے میں تگ و دو کی ہے، پی ٹی آئی پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، وہ 7 اکتوبر کے غزہ ملین مارچ میں ہمارے ساتھ ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ہم غزہ کے لیے پاکستان کے مختلف حصوں میں اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، اب حکومت بھی اعلیٰ ظرفی دکھائے اور 7 اکتوبر کے لیے اعلان کرے۔
کوئی بھی ترمیم رات کے اندھیرے میں نہیں ہونی چاہیے، بیرسٹر گوہر
اس موقع پر پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہاکہ آج جماعت اسلامی کے وفد سے اہم معاملات پر گفت و شنید ہوئی۔
انہوں نے کہاکہ کوئی بھی ترمیم رات کے اندھریے میں نہیں ہونی چاہیے، ہم عوام میں ایک ہی موقف لے کر چلیں گے۔
یہ بھی پڑھیں اسلام آباد: انتظامیہ اور جماعت اسلامی کے مزاکرات کامیاب، غزہ مارچ شیڈول کے مطابق ہوگا
بیرسٹر گوہر نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی نے غزہ کے لیے بہت کوشش کی اور کررہے ہیں، یہ پوری دنیا کا ایک مشتکر مسئلہ ہے۔