ایران نے اسرائیل کے تمام انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کی دھمکی دے دی

بدھ 2 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل محمد باقری نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے ایران کو میزائل حملوں کی قیمت چکانے کی دھمکی کے بعد جوابی دھمکی میں کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کیا تو اس کے تمام اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:ایران کی جانب سے فائر کیے گئے میزائل فضائی اڈوں پر گرے، اسرائیلی فوج کا اعتراف

میجر جنرل محمد باقری نے بدھ کو سرکاری ٹی وی پر اپنے ایک بیان میں کہا کہ لبنان میں حزب اللہ کے سپریم کمانڈر حسن نصراللہ اور حماس کے رہنما حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد ایران کے صبر کا پیمانہ اب لبریز ہو چکا تھا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی ریاستی دہشتگردی اور تمام تر مظالم کے باوجود امریکا اور دیگر کچھ ممالک اس کی حمایت کر رہے ہیں۔

انہوں نے اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو کی ایران پر جوابی کارروائی کی دھمکی کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل نے ایسا کیا تو پھر اس کے تمام تر اہداف کو نشانہ بنایا جائے گا ایران کا دوبارہ دیا جانے والا جواب اس سے بھی کئی زیادہ شدت کا ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں ڈنمارک میں اسرائیلی سفارت خانے کے قریب دھماکے، 3 مشتبہ افراد گرفتار

انہوں نے کہا کہ اگر ہمارے علاقے پر حملہ کیا گیا تو وہ اسرائیل میں بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنائیں گے۔

ادھرایرانی ذرائع ابلاغ نے میزائل داغے جانے کی آن لائن فوٹیج نشر کیں جن کے بارے میں پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ان میں تل ابیب اور دیگر اڈوں کے آس پاس 3 فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

پاسداران انقلاب کا کہنا ہے کہ ’90 فیصد’ میزائلوں نے منگل کی رات اپنے اہداف کو نشانہ بنایا۔

ادھر اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ ایران نے اس کی سرزمین پر 180 میزائل داغے جن میں سے زیادہ تر کو ناکام بنا دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں اسرائیل پر میزائل حملے، امریکا کی ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی

ایران نے جون 2023 میں درمیانے فاصلے تک مار کرنے والے بیلسٹک میزائل کی تقریب رونمائی کی تھی جو آواز کی رفتار سے 15 گنا زیادہ ہائپر سونک رفتار سے سفر کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

اس وقت کے صدر ابراہیم رئیسی نے کہا تھا کہ یہ ہتھیار ایران کی ’ڈیٹرنس کی طاقت‘ کو بڑھائے گا اور خطے کے ممالک میں امن اور استحکام لائے گا۔

روایتی بیلسٹک میزائلوں کے برعکس، ہائپر سونک میزائل فضا میں کم راستے پر پرواز کرتے ہیں، جس سے وہ اپنے اہداف تک زیادہ تیزی سے پہنچ سکتے ہیں اور جدید فضائی دفاع کے ذریعہ روکنے کا امکان کم ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: اسرائیل پر میزائلوں کی بارش؛ ایران نے بڑی غلطی کی، خمیازہ بھگتنا پڑے گا، نیتن یاہو

اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ ایران نے گزشتہ ہفتے حزب اللہ کے رہنما حسن نصراللہ کی شہادت کے بعد اسرائیل پر میزائل حملے کر کے ’بڑی غلطی‘ کی ہے۔

امریکا کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ مشترکہ ردعمل پر بات چیت کے اعلان کے بعد ایران کے چیف آف اسٹاف نے متنبہ کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کیا تو تہران اسرائیلی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنائے گا۔

اسرائیل کو جرائم بند کرنے ہوں گے ورنہ ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا، ایرانی صدر

ادھر ایران کے صدر مسعود پیزکیان نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے اپنے جرائم کو نہ روکا تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایران کے صدر نے قطر کے طے شدہ دورے پر روانہ ہوتے ہوئے کہا کہ اگر صیہونی حکومت (اسرائیل) نے اپنے جرائم بند نہ کیے تو اسے سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

اسرائیل نے منگل کی رات ہونے والے اس حملے کے بعد ایران کو ‘قیمت’ ادا کرنے کی دھمکی دی ہے، جس میں زیادہ تر میزائلوں کو مار گرایا گیا تھا اور اس نے فوری طور پر ایران کو شدت کے ساتھ نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔

یہ بھی پڑھیے: مشرق وسطیٰ میں علاقائی جنگ کا آغاز، اب کیا ہوگا؟

امریکی صدر جو بائیڈن نے کہا کہ میزائل حملے کے بعد امریکا اسرائیل کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وہ اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو کے ساتھ مل کر ایران کو اس کا جواب دینے کا عزم رکھتا ہے۔

میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے یہ پوچھے جانے پر کہ ایران کے بارے میں کیا ردعمل سامنے آئے گا، بائیڈن نے جواب دیاکہ اس وقت اس پر فعال بات چیت ہو رہی ہے۔

ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر پوسٹ میں کہا کہ تہران کی کارروائی اب اس وقت تک نہیں ہو گی، جب تک کہ اسرائیلی حکومت مزید جوابی کارروائی کی دعوت نہیں دیتی۔

حزب اللہ کا اسرائیلی حملہ پسپا کرنے کا دعویٰ

 ادھر حزب اللہ نے بدھ کو کہا ہے کہ اس نے لبنان میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ زبردست مقابلہ کیا ہے سرحد پار اسرائیلی فوجیوں کو بھی نشانہ بنایا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کی لبنان میں زمینی کارروائی شروع، اقوام متحدہ کی مخالفت

حزب اللہ کے جنگجوؤں نے  اسرائیل کی انفنٹری فورس کا سامنا کیا جس نے لاشیہ کے گاؤں میں دراندازی کرنے کی کوشش کی، ایک بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ حزب اللہ نے سرحد پار 3 مختلف مقامات پر اسرائیلی افواج کو راکٹوں اور توپخانے سے نشانہ بنایا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp