ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024: پاکستانی بولرز کی شاندار پرفارمنس، سری لنکا کو 31 رنز سے شکست

جمعرات 3 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بولرز کی شاندار پرفارمنس کے باعث قومی ٹیم نے آئی سی سی ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں سری لنکا کو 31 رنز سے ہراکر اپنا پہلا میچ جیت لیا۔

شارجہ میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کپتان ثنا فاطمہ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم پوری ٹیم 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے عوض محض 116 رنز ہی بناسکی۔ سری لنکا کی ٹیم کے لیے 117 رنز کا ہدف بظاہر اتنا بڑا نہیں تھا لیکن پاکستانی بولروں نے مخالف ٹیم کی بیٹرز کو باندھ کر رکھا اور انہیں 20  محض 85 رنزہی بنانے کا موقع دیا جبکہ اس کی 9 بیٹرز آؤٹ ہوئیں۔ اس طرح  پاکستان کو 31 رنز سے کامیابی حاصل ہوئی۔

سری لنکن بیٹر نیلاکشی ڈی سلوا 22، وشمی گونارانتے 20 اور ہسنی پریرا 8 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں۔

پاکستان کی جانب سے سعدیہ اقبال نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 18 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں۔ کپتان فاطمہ ثنا اور نشرہ سندھو نے بالترتیب 10 اور 15 رنز دے کر 2،2 بیٹرز کو پویلین کا راستہ دکھایا۔

قبل ازیں پاکستان خواتین ٹیم نے اپنے پہلے میچ میں سری لنکا کے خلاف پہلے کھیلتے ہوئے 20 اوورز میں تمام وکٹوں کے نقصان پر 116 رنز بنائے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: فٹبال چیمپیئن شپ 2024: پاکستان ویمن ٹیم 17 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے مقابل ہوگی

ابدتدا سے ہی پاکستانی بیٹرز کی کارکردگی کچھ خاص نہیں رہی تھی اور ٹیم نے پہلے 10 اوورز میں 57 رنز بنائے اور اس کی 4 بیٹرز آؤٹ ہوگئی تھیں جس سے ٹیم مسلسل دباؤ کا شکار رہی۔ بعد ازاں 13 ویں اوور میں پاکستان کو ایک اور نقصان اٹھانا پڑا جب سابق کپتان ندا ڈار 23 کے اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ اس طرح پاکستان کا 13 اوورز کے اختتام پر اسکور 5 وکٹوں کے نقصان پر 73 رنز تھا۔ تاہم 14 ویں اوور میں پاکستان کو مزید 2 وکٹوں کا نقصان اٹھانا پڑا جب طوبیٰ حسن صرف 5 رنز اور عالیہ ریاض جو چھکے لگانے میں بھی مہارت رکھتی ہیں اور کبھی بھی کھیل کا پانسا پلٹ سکتی ہیں صفر کے اسکور پر پویلین واپس سدھار گئیں۔

14 ویں اوور میں ہی ڈیانا بیگ بھی 2 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ قبل ازیں منیبہ علی صرف 11 رنز بناکر آؤٹ ہوئیں جبکہ گل فیروزہ (2 رنز)، سدرہ امین (12 رنز) اور عمیمہ سہیل (18 رنز) بناکر پویلین واپس لوٹیں۔ اس طرح اب 17 اوورز کے اختتام پر پاکستانی ویمن ٹیم نے 99 رنز بنائے ہیں اور اس کی 8 بیٹرز آؤٹ ہوئی ہیں۔ پاکستان کی 9 ویں وکٹ 114 رنز کے مجوعی اسکور پر اس وقت گری جب کپتان فاطمہ ثنا 20 ویں اوور کی پہلی گیند پر 32 رنز بناکر آؤٹ ہوگئیں۔ فاطمہ کے بعد سعدیہ اقبال کھیلنے آئیں لیکن وہ میچ کی اخری گیند پر 2 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئیں۔ نشرہ سندھو 6 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔

مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کے 9 اہم حقائق کیا ہیں؟

سری لنکن بولر اودیشیکا پربودانی، سگندیکا کماری اور چماری اتھاپتو نے بالترتیب 20، 19 اور 20 رنز کے عوض 3،3 بیٹرز آؤٹ کیں جبکہ کاویشا دلہاری نے 16 رنز دے کر ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان اسکواڈ

ویمنز ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، ارم جاوید، منیبہ علی (وکٹ کیپر)، نشرہ سندھو، ندا ڈار، عمیمہ سہیل، صدف شمس، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ، تسمیہ رباب، طوبیٰ حسن اور سعدیہ اقبال شامل ہیں۔ تاہم لیفٹ آرم اسپنر سعدیہ کی شمولیت ان کی فٹنس سے مشروط ہے۔ ٹریولنگ ریزرو میں نجیہہ علوی (وکٹ کیپر)، رامین شمیم اور ام ہانی شامل ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp