پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پرامن احتجاج کے دوران مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور زہریلی آنسو گیس شیلنگ کے اقدام کو لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا ہے۔
درخواست خاتون شہری فائزہ مراد کی جانب سے دائر کی گئی ہے، جس میں صوبائی حکومت اور آئی جی پنجاب کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار خاتون فائزہ نے لاہور ہائیکورٹ میں موقف اپنایا کہ ملک بھر میں پی ٹی آئی پرامن احتجاج کررہی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج، سڑکیں بلاک کرنے کے لیے کنٹینر کہاں سے اور کیسے لیے جاتے ہیں؟
انہوں نے لکھا کہ فیصل آباد، میانوالی اور بہاولپور احتجاج میں پولیس نے مظاہرین پر تشدد کیا ہے، پرامن مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور زہریلی آنسو گیس شیلنگ کی گئی۔ ربڑ کی گولیوں میں موجود زہریلے مادے سے متاثرہ شخص کو نقصان ہوسکتا ہے۔
انہوں نے موقف اپنایا کہ زہریلی آنسو گیس سے آنکھیں، معدہ اور پھیپھڑے متاثر ہوتے ہیں، پرامن احتجاج کا حق آئین ہر شہری کو دیتا ہے۔ پرامن مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور زہریلی آنسو گیس شیلنگ آئین کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ڈی چوک کے لیے روانہ، پولیس کی بھاری نفری تعینات، موبائل سروس معطل
درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت مظاہرین پر ربڑ کی گولیاں اور زہریلی آنسو گیس شیلنگ روکنے کا حکم دے۔ عدالت پرامن احتجاج میں رکاوٹ نہ ڈالنے کا حکم دے۔