فلسطین پر 7 اکتوبر کو وزیراعظم کی سربراہی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے، یوم یکجہتی منانے کا فیصلہ

جمعہ 4 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

غزہ اور فلسطین میں نہتے فلسطینیوں پر جاری ظلم و ستم کے خلاف اور فلسطینی مسلمانوں کے حق میں آواز اٹھانے کے لیے وزیرِ اعظم کی میزبانی میں آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی قیادت میں جماعت اسلامی کے وفد کی وزیرِ اعظم ہاؤس میں ملاقات ہوئی۔

ملاقات میں موجود سیاسی جماعتوں کا غزہ اور فسلطینیوں کے ساتھ قومی سطح پر اظہار یکجہتی کا فیصلہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑا، عطا تارڑ

اس موقعے پر فیصلہ کیا گیا کہ 7 اکتوبر کو ملک بھر میں غزہ اور فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت کے شکار نہتے مسلمان بہن بھائیوں کے لیے یوم یکجہتی منایا جائے گا۔

کمیٹی کی تشکیل

ملاقات کے دوران یوم یکجہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کے لیے کمیٹی کے قیام کی منظوری بھی دی گئی۔

کمیٹی میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، شیری رحمان، خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری شامل ہوں گے۔

ملاقات میں یہ اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ پاکستان بھر میں فلسطینی بہن بھائیوں کے ساتھ یکجہتی اور ان پر جاری اسرائیلی ظلم و ستم کے خلاف آواز اٹھانے کے لیے 7 اکتوبر کو اجتماعات و سیمینار بھی منعقد کیے جائیں گے۔

آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملک آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف بھی شرکت کریں گے۔

دریں اثنا پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کے انعقاد کے فیصلے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ صیہونی ایجنڈے کے خلاف پورے ملک کو یک زبان ہونا چاہیے۔

مزید پڑھیے: بلاول بھٹو کی فلسطین پر آل پارٹیز کانفرنس کے حکومت کے فیصلے کا خیرمقدم

بلاول بھٹو نے کہا کہ صیہونی سامراج کے ایجنڈے کے خلاف پورے ملک کو یک آواز ہو کر بولنا چاہیے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp