پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو احتجاج میں شرکت اور خطاب کی دعوت دیدی۔
خیبرپختونخوا کے مشیر برائے اطلاعات بیرسٹر سیف نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہم شنگھائی تعاون تنظیم میں شرکت کے لیے آنے والے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کو اپنے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے۔
یہ بھی پڑھیں پاک فوج نے اسلام آباد میں سیکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں، گشت شروع
انہوں نے کہاکہ بھارتی وزیر خارجہ کو کہیں گے کہ آپ دیکھیں پاکستان کی جمہوریت کتنی مضبوط ہے جہاں کسی کو احتجاج کا حق بھی نہیں دیا جاتا۔
بیرسٹر سیف نے کہاکہ ہم ہر صورت ڈی چوک پہنچ کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرائیں گے، اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور محسن نقوی کو چائے پلائیں گے۔
انہوں نے کہاکہ ہم پر اسلحہ ساتھ لانے کا الزام درست نہیں، ہمارے مفاد میں تو یہ ہے کہ احتجاج پرامن ہو، کیونکہ ہم ملک کی بہتری چاہتے ہیں اور احتجاج بھی اسی لیے ہے۔
مشیر خیبرپختونخوا نے کہاکہ ہمارا فوج سے کوئی جھگڑا نہیں، فوج ہماری ہے اور ہم احترام کرتے ہیں، اگر ڈی چوک میں فوج کا کوئی اہلکار موجود ہوگا تو اسے گلدستہ پیش کیا جائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ایس سی او اجلاس میں جتنے بھی مندوبین آرہے ہیں وہ ہمارا احتجاج دیکھ کر خوشی محسوس کریں گے، اور پاکستان کی جمہوری اقدار کی تعریف کی جائے گی۔
واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے آج اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی ہے، اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا قافلہ لاؤ لشکر سمیت دارالحکومت کی جانب رواں دواں ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے احتجاج میں ن لیگ کے مسلح لوگ شامل ہوگئے، بیرسٹر سیف کا الزام
دوسری جانب انتظامیہ نے بھی مظاہرین سے نمٹنے کے لیے حکمت عملی طے کرلی ہے، اس وقت ڈی چوک میں پی ٹی آئی کارکنان اور پولیس آمنے سامنے ہیں، جبکہ دیگر مقامات پر بھی پولیس کی جانب سے مظاہرین پر شیلنگ کی جارہی ہے۔