اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاج کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث وفاق نے سندھ حکومت سے پولیس کی نفری مانگ لی۔
اسلام آباد میں پی ٹی آئی ریلی اور وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے متعلق متضاد دعوؤں کےنتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال کو بہتر طور پر کنٹرول کرنے کے لیے وفاق نے سندھ حکومت سے نفری مانگ لی ہے۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچ گئے، گرفتاری سے متعلق متضاد اطلاعات
وفاق کی درخواست کے جواب میں کراچی سے اسلام آباد کے لیے سندھ پولیس کے اہلکار اسپیشل ٹرین کے ذریعے روانہ کردیے گئے ہیں۔ ٹرین کراچی سےاسلام آباد کے لیے گزشتہ رات روانہ ہوئی۔
سندھ حکومت کی جانب سے ایک ہزار کے قریب پولیس اہلکاروں کو اسپیشل ٹرین کے ذریعے اسلام آباد روانہ کیا گیا ہے۔ اسپیشل ٹرین 16 کوچز پر مشتمل ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں پیدا ہونے والی صورتحال کے باوجود سندھ کے مختلف شہروں میں صورتحال کنٹرل میں ہے۔
یہ بھی پڑھیں دھاوا بولنے کی قیمت ادا کرنا ہوگی، عمران خان اور علی امین گنڈاپور ذمہ دار ہوں گے، محسن نقوی
یہ بھی یاد رہے کہ پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا سے آنے والا قافلہ اسلام آباد پہنچ گیا ہے، جس کے بعد وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی گرفتاری سے متعلق متضاد اطلاعات آرہی ہیں۔ ایسی صورتحال میں پولیس اور تحریک انصاف کے کارکنان آمنے سامنے ہیں۔