سعودی کلب الہلال مایہ ناز فٹبالر لیونل میسی کو 400 ملین یورو سالانہ معاوضہ دے گا۔ یہ پیشکش آج تک کسی بھی کھلاڑی کو دی جانے والی پیشکش سے کہیں زیادہ ہے۔میسی اگر یہ پیشکش قبول کرلیتے ہیں تو دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
سعودی کلب نے ارجینٹینا کے کھلاڑی لیونل میسی کے لیے تجوریوں کے منہ کھول دیے۔ سعودی کلب الہلال نے میسی کو ایک کھرب روپے سالانہ کی پیشکش کی ہے۔
اس سے پہلے کرسٹیانو رونالڈو کو بڑی پیشکش ہوئی تھی۔ کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی کلب کی اس بڑی پیشکش کو قبول کر لیا تھا۔ تاہم میسی کو دی جانے والی آفر کرسٹیانو رونالڈو سے کئی زیادہ ہے۔
میسی کی قیمت، پاکستانی حساب کتاب میں
اگر ہم میسی کو دی جانے والی آفر کو پاکستانی کرنسی کے حساب سے دیکھیں تو وہ کتنی بنتی ہے، آئیے جانتے ہیں۔
الہلال فٹبال کلب نے ورلڈ کپ کے فاتح کپتان لیونل میسی کو چار سو ملین یورو سالانہ کی پیشکش کی۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں سوا کھرب روپے سے زائد بنتی ہے۔
اگر ہم اس رقم کو ماہابہ آمدن کے حساب سے دیکھیں تو الہلال فٹ بال کلب ایک ارب روپے ماہانہ میسی کو ادا کرے گا۔
اور اگر ہم اس رقم کو ہفتہ وار آمدن کے حساب سے دیکھیں تو یہ پچیس کروڑ روپے ہفتہ، یعنی چھ کروڑ روپے یومیہ میسی کو ملیں گے۔
لیکن اگر مزید اس رقم کو گھنٹوں اور منٹوں کے حساب سے دیکھیں تو یہ رقم پچیس لاکھ روپے فی گھنٹہ، ڈھائی لاکھ روپے فی منٹ اور چار ہزار روپے فی سیکنڈ بنتی ہے۔
سعودی کلب کی اس پیشکش کو قبول کرلینے کی صورت میں میسی دنیا کے مہنگے ترین کھلاڑی بن جائیں گے۔
ابھی تک سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ہیں جو سعودی کلب النصر سے 200 ملین ڈالر سالانہ معاوضہ لیتے ہیں۔
میسی دنیا کے مقبول ترین اور امیر ترین فٹبالر کیسے بنے؟
ارجینٹیان کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی نے اپنے کیریئر میں کئی کامیابیاں سمیٹیں، دنیا کے امیر ترین فٹبالر نے سب سے زیادہ ایوارڈز اپنے نام کیے، اپنی ٹیم ارجینٹینا کو ورلڈ کپ 2022 میں شاندار فتح دلوائی اور بارسلونا کو سب سے زیادہ 35 میجر ٹائٹل جتوائے۔
فٹبال میں ارجنٹینا نے ڈیاگو میراڈونا سمیت کئی بڑے نام پیدا کیے لیکن لیونل میسی نے شہرت اور دولت کمانے کے اعتبار سے ان سب کو پیچھے چھوڑ دیا۔
میسی ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئے انکی والدہ ایک فیکٹری میں ملازمت کرتی تھیں۔ لیونل میسی نے 5 سال کی عمر میں فٹ بال کھیلنا شروع کیا اور صرف 9 سال کی عمر میں فٹ بال کے منجھے ہوئے کھلاڑی بن گئے۔
میسی کا کیریئر
سنہ 2000 میں 13 سال کی عمر میں میسی نے بارسلونا کی مشہور لا ماسیا اکیڈمی کا رخ کیا اور 2005 میں انٹرنیشنل کیریئر کا آغاز کیا۔
میسی کے فٹبال کیریئر کا زیادہ تر حصہ اسپینش کلب بارسلونا کے لیے کھیلتے گزرا ہے۔ اس کلب کے لیے انہوں نے 35 ٹرافیاں جیتیں۔
میسی نے اپنے فٹ بال کیریئر میں 1019 میچز کھیل کر 803 گول اسکور کیے۔ جن میں انٹرنیشنل 102، پی ایس جی کے لیے 29 اور سب سے زیادہ بارسلونا کے لیے 672 گول اسکور کیے۔
میسی نے چھ مرتبہ یورپین گولڈن شو انعام جیتا ہے جو کہ یورپ کا سب سے زیادہ گول کرنے کا انعام ہوتا ہے۔
میسی نے 2021 میں بارسلونا کو خیر باد کہا اور فرانسیسی کلب پی ایس جی کو دو سال کے معاہدے پر جوائن کیا جو ابھی 2023 میں اختتام پذیر ہو جائے گا۔
میسی کے اثاثہ جات
فوربز میگزین کے مطابق لیونل میسی دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑیوں میں سرفہرست ہیں، انکے مجموعی اثاثہ جات 620 ملین امریکی ڈالر سے زائد ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ میسی کو دنیا کے امیر ترین فٹ بالر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔
2016 میں میسی اور انکے والد کو ٹیکس چوری کے الزام میں 21 ماہ قید کی سزا بھی سنائی گئی۔ پاناما پیپرز ڈیٹا لیکس میں میسی کا نام شامل تھا۔
اتنی کامیابیاں اور دولت سمیٹنے کے بعد لیونل میسی کا اپنی ٹیم ارجینٹینا کو ورلڈ کپ جتوانے کا خواب بھی بالآخر گذشتہ برس شرمندہ تعبیر ہوا جب دوحا میں منعقدہ 2022 کے فیفا ورلڈ کپ میں میسی نے بحیثیت کپتان نہ صرف ارجینٹائن کے لیے فاتحانہ ورلڈ کپ تھاما بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے۔