وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اس وقت خیبرپختونخوا ہاؤس میں موجود ہیں جہاں ان کی گرفتاری کے حوالے سے متضاد اطلاعات سامنے آرہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق رینجرز اور پولیس نے وزیراعلیٰ کے بیڈ روم کا دروازہ توڑ کر ان کو محصور کرلیا ہے، جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر حکام سے مذاکرات کے بعد روانہ ہوگئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں فسطائیت کے باوجود اسلام آباد پہنچے، آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان عمران خان کریں گے، علی امین گنڈاپور
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور آج سہ پہر اسلام آباد پہنچے اور پھر خیبرپختونخوا ہاؤس چلے گئے جہاں ان کی گرفتاری کے حوالے سے متضاد خبریں سامنے آرہی ہیں۔
پی ٹی آئی کا دعویٰ ہے کہ علی امین گنڈاپور کو خیبرپختونخوا ہاؤس سے گرفتار کرلیا گیا ہے، جبکہ سرکاری ذرائع وزیراعلیٰ کی گرفتاری کی تردید کررہے ہیں۔
یہ بھی یاد رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پی ٹی آئی نے کل ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی تھی، تاہم راستوں کی بندش کے باعث علی امین گنڈاپور کا قافلہ آج سہ پہر اسلام آباد پہنچا۔
یہ بھی پڑھیں علی امین گنڈاپور اسلام آباد پہنچ گئے، گرفتاری سے متعلق متضاد اطلاعات
اس کے علاوہ پی ٹی آئی آج لاہور میں بھی احتجاج کررہی ہے، پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہم مینار پاکستان پر عمران خان کی سالگرہ کا کیک کاٹیں گے، تاہم انتظامیہ نے راستے بند کررکھے ہیں اور صوبے میں فوج و رینجرز طلب کرلی گئی ہے۔