20 سے زائد بین الاقوامی ایوارڈ جیتنے والے کوئٹہ کے فلم ساز

اتوار 6 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

‎کوئٹہ کے فلم ساز، ہدایت کار، پروڈیوسر اور اداکار سفر علی دانش نے 2017 میں اپنے فلمی سفر کا آغاز کیا۔ انہوں نے اب تک 3 دستاویزی فلمیں بنائی ہیں، ‎جنہیں بین الاقوامی سطح پر سراہا گیا ہے۔

سفر علی کی ایک شارٹ  فلم ’پرواز درشب‘ کو ‎50 سے زائد بین الاقوامی فلم فیسٹیولز میں اسکرین کیا گیا جن میں ایران شار فلم فیسٹیول، باکو بین الاقوامی فلم فیسٹیول، ترکی فلم فیسٹیول، جے پور فلم فیسٹیول، دادا صاحب پالکے ایوارڈ (انڈیا)، اور یو ایس ساؤتھ ایشین فلم فیسٹیول وغیرہ شامل ہیں۔ ان کی یہ شارٹ فلم اب تک 20 بین الاقوامی ایوارڈز حاصل کر چکی ہے۔

وی نیوز سے بات کرتے ہوئے سفر علی دانش نے کہا کہ کوئٹہ میں فلم سازی ایک بڑا چیلنج ہے۔ وسائل اور سامان کی کمی کے باعث کیمرے اور گاڑیاں کراچی سے کرائے پر لینی پڑتی ہیں۔ کوئٹہ میں کوئی پروڈکشن ہاؤس نہیں ہے اور لوکیشن کی اجازت حاصل کرنا بھی مشکل ہوتا ہے۔

سفر علی کو حکومت کی طرف سے بھی کوئی سپورٹ نہیں ملی۔ انہوں نے اپنے محدود وسائل اور ذاتی محنت سے ساری کامیابی حاصل کی ہے۔

سفرعلی دانش نے کہا کہ اگر آپ چاہتے ہیں کہ آپ کی فلم بین الاقوامی فلم فیسٹیول میں دکھائی جائے تو آپ کی کہانی منفرد ہونی چاہیے، مہنگے کیمرے کی ضرورت نہیں ہے۔

فلم سازی اور دستاویزی فلموں کے علاوہ سفر علی دانش نے 2 سال پہلے ایک شادی اسٹوڈیو بھی شروع کیا ہے، جہاں ان کے پاس 6 سے 7 تربیت یافتہ ملازم ہیں۔

سفرعلی دانش کی کہانی ایک حوصلہ افزا مثال ہے، جنہوں نے محدود وسائل کے باوجود اپنے خوابوں کو تعبیر دی اور کوئٹہ سے بین الاقوامی سطح پر پہچان حاصل کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp