کراچی کے علاقے شیر شاہ میں رات گئے ہونے والے مقابلے سے متعلقہ تفصیلات سی ٹی ڈی نے جاری کردیں۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق رات گئے پولیس مقابلے میں دودہشت گرد ہلاک ہوئے۔ دہشت گردوں کی شناخت حافظ قاسم رشید اور عثمان قریشی سے ہوئی۔ دہشت گردوں کے دوساتھیوں نعیم اور حمزہ کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا گیا تھا۔ تفتیش کے دوران دہشت گرد حافظ قاسم اور عثمان کے ٹھکانے کا علم ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ مارے گئے دہشت گرد حافظ قاسم اور عثمان ڈی ایس پی علی رضا کے قتل میں ملوث تھے۔ ڈی ایس پی علی رضا کے قتل کی منصوبہ بند کئی ماہ قبل جیل میں کی گئی تھی۔ دہشت گردوں سے اسلحہ، خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، ٹارگٹ کلنگ کی فہرست و دیگر سامان برآمد ہوا۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گرد حافظ قاسم کالعدم لشکر جھنگوی کراچی کا امیر تھا۔ مارے گئے دہشت گردوں کی ضلع سینٹرل کے کالعدم سپاہ صحابہ کے دہشت گرد سید احمد حسن اور دیگر نے سہولت کاری کی۔ حافظ قاسم رشید 12 سال بعد جیل سے رہا ہوا تھا۔